سفاری پارک میں ہتھنی مدھوبالا کے استقبال کی تیاریاں مکمل

  سفاری پارک میں ہتھنی مدھوبالا کے استقبال کی تیاریاں مکمل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سفاری پارک میں مدھوبالا کے استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، کراچی چڑیا گھر میں موجود مدھوبالہ نامی ہتھنی کو آج(منگل)سفاری پارک منتقل کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق کراچی چڑیا گھر میں موجود مدھوبالہ نامی ہتھنی کو آج سفاری پارک منتقل کیا جائیگا، عالمی تنظیم فور پاز کی ٹیم نے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔مدھوبالا نامی ہتھنی کو 15 سال بعد چڑیا گھر سے سفاری پارک منتقل کیا جائیگا جہاں خاص طور پر وسیع طرز پر تعمیر کردہ مقام پر سونیا اور ملائیکہ نامی ہتھنی پہلے سے موجود ہیں۔کراچی چڑیا گھر کی انتظامیہ کے مطابق ہتھنی کو بے ہوشی کی حالت میں کنٹینر میں منتقل کیا جائے گا۔چڑیا گھر انتظامیہ نے بتایا کہ ہتھنی مدھوبالا کی سفاری پارک منتقلی کے لیے پہلے روٹ کلیئر کروایا جائے گا، منتقلی کے دوران پولیس کی نفری بھی تعینات ہو گی۔چڑیا گھر کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے بتایا ہے کہ سفاری پارک میں مدھوبالا کے لیے خصوصی انکلوژر اور سوئمنگ پول بنایا گیا ہے۔اس حوالے سے جانوروں کے تحفظ کے لیے سرگرم بین الاقوامی تنظیم فور پازنے کہاکہ سفاری پارک میں مدھوبالا زیادہ آرام دہ زندگی گزارے گی۔فور پاز نامی تنظیم کے ڈاکٹرز اور دیگر ماہرین نے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ ترجمان کے مطابق مدھوبالا کو منتقل کرنے سے قبل صحت کا جائزہ لیا جائیگا اور روٹ کی کلیئرنس دی جائیگی۔منگل کی دوپہر سفاری پارک میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں میئر کراچی سمیت غیر ملکی سفیر بطور مہمان خصوصی شرکت کرینگے۔