کراچی کے ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر برداشت نہیں کرونگا، وزیراعلی سندھ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے شہر کراچی کے تین اہم منصوبوں کریم آباد انڈر پاس، کورنگی کاز وے پل اور ملیر ایکسپریس وے کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے محکمہ بلدیات کو ہدایت کی کہ وہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کا پلان پیش کریں۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ بلدیات سے سوال کیا کہ تمام فنڈز بروقت جاری ہونے کے باوجود منصوبوں کی تکمیل میں اتنی تاخیر کیوں ہو رہی ہے؟۔ انہوں نے انہیں ہدایت کی کہ وہ تینوں منصوبوں کی مقررہ مدت کے اندر تکمیل کا منصوبہ پیش کریں۔ اجلاس پیر کی صبح 9 بجے وزیراعلی ہاس میں منعقد ہوا جس میں وزیر بلدیات سعید غنی، میئر کراچی مرتضی وہاب، وزیراعلی کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، کمشنر کراچی حسن نقوی، سیکریٹری بلدیات خالد حیدر شاہ، منصوبوں کے پراجیکٹ ڈائریکٹرز؛ نیاز سومرو، ذوالفقار ابڑو ، ممبر پی اینڈ ڈی سکندر اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ کریم آباد انڈر پاس منصوبہ سندھ حکومت نے کراچی ڈولپمنٹ اتھارٹی(کے ڈی اے)کے ذریعے شروع کیا ہے۔ بریفنگ کے دوران وزیراعلی سندھ کو بتایا گیا کہ منصوبے کی لاگت 3 ارب 80 کروڑ روپے ہے۔ انڈر پاس کی لمبائی 1080 میٹر ہے جس میں سے 300 میٹر مکمل ہو چکے ہیں۔ 212 پری کاسٹ گرائیڈرز میں سے 151 مکمل ہو چکے ہیں اور منصوبے کی مجموعی پیش رفت 35 فیصد ہے۔ وزیراعلی سندھ نے محکمہ بلدیات کو ہدایت کی کہ انڈر پاس میں نکاسی آب کا مناسب اور مثر نظام فراہم کیا جائے تاکہ بارش کا پانی جمع نہ ہو۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعلی سندھ کو بتایا گیا کہ مینا بازار اور بازار فیصل کے سامنے ایک رانڈ اباٹ بنایا جا رہا ہے تاکہ ٹریفک کی نقل و حرکت کو منظم کیا جا سکے۔ وزیراعلی سندھ نے وزیر بلدیات سعید غنی اور میئر کراچی مرتضی وہاب کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام تیز کیا جائے کیونکہ اس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں مشکلات کا سامنا ہے۔کورنگی کاز وے پر پل کی تعمیر کے بارے میں وزیراعلی سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ منصوبہ 6ارب 40 کروڑ روپے سے شروع کیا گیا تھا۔ یہ منصوبہ 31 جنوری 2025کو مکمل ہونا ہے جو شاید ممکن نہ ہو سکے۔ اس پر وزیراعلی سندھ نے وزیر بلدیات سعید غنی کو ہدایت کی کہ پل پر کام کی خود نگرانی کریں تاکہ اسے بروقت مکمل کیا جا سکے۔ وزیراعلی سندھ کو بتایا گیا کہ 400 پائلس میں سے 300 مکمل ہو چکے ہیں اور 600 گرڈرز میں سے 504 مکمل ہو چکے ہیں اور منصوبے کی مجموعی پیشرفت 30 فیصد ہے۔وزیراعلی سندھ کو بتایا گیا کہ ملیر ایکسپریس وے جام صادق پل تا کاٹھوڑ 38.889 کلومیٹر کا منصوبہ ہے۔ جام صادق پل سے شاہ فیصل تک پہلے حصے کی تعمیر 25 دسمبر 2024 تک مکمل ہو جائے گی۔اس پر وزیراعلی سندھ نے محکمہ بلدیات کو شاہ فیصل تا ایئرپورٹ سڑک کی تعمیر نو کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلی سندھ نے واضح طور پر کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ تینوں منصوبوں کی تکمیل کی حتمی تاریخیں جمع کروائیں بعد میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کروں گا۔