انتظامیہ صنعتیں سیل کرنے سے اجتناب کرے، بختاور تنویر
ملتان (نیوز رپورٹر)ایوان تجارت وصنعت ملتان کے صدر میاں بختاور تنویر شیخ نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے نجی شعبہ اور حکومتی اداروں میں تعاون کی ضرورت ہے۔ ملکی معیشت میں ترقی کیلئے صنعتوں نے کلیدی کردار ادا کیا ہے لیکن سموگ کی آڑ میں ان کو بند کرنا انتہائی تکلیف دہ امر ہے۔ فیکٹریوں کو سیل کرنے جیسے انتہائی اقدام سے قبل متعلقہ ایسوسی ایشن کو اعتماد میں لینا ضروری ہے تاکہ مسائل کو باہمی افہام و تفہیم سے حل کیا(بقیہ نمبر17صفحہ7پر)
جا سکے۔میڈیا سے بات چیت کرتے انہوں نے کہا سموگ کی وجہ سے نومبر، دسمبر اور جنوری انتہائی مشکل مہینے ہوتے ہیں جن میں صنعتوں، محکمہ ماحولیات اور پی ایچ اے کے درمیان تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ آلودگی پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے آلودگی پر قابو پانے کیلئے شجرکاری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صنعتوں کو سیل کرنے سے اجتناب کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہم چیمبر کے ذریعے متعلقہ اداروں کے اعلی حکام کو اس پلیٹ فارم پر مدعو کریں گے تاکہ سرکاری ادارے اپنے مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں بزنس کمیونٹی کو اعتماد میں لے سکیں اور اس طرح موثر عملدرآمد کے ذریعے ان کو نتیجہ خیز بنایا جا سکے۔