اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)دارالحکومت اسلام آباد سمیت راولپنڈی اور لاہور میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کے خدشے کے باعث وزارت پیٹرولیم نے چیف سیکرٹری پنجاب کو فوری اقدامات کے لیے مراسلہ بھجوا دیا۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت اٹک آئل ریفائنری سے خام تیل کی فراہمی کے لیے فوری اقدامات کرے۔
وزارت پیٹرولیم کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ریفائنری کو خام تیل کی فراہمی اور وہاں سے پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی بھی رک چکی ہے، معاملہ فوری حل نہیں کیا گیا تو پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا خدشہ ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ راستوں کی بندش سے جڑواں شہروں اور لاہور میں پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی نہیں ہورہی، راستوں کی بندش کے باعث فیول ٹینکرز مختلف شاہراہوں پر رکے ہوئے ہیں۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ مسئلے کے حل کیلئے جامع پلان بنایا جائے تاکہ بلا تعطل تیل سپلائی جاری رہے۔