لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے منگل کو باغ جناح جمخانہ کرکٹ گراؤنڈ میں بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی ہے پاکستان نے 146 رنز کا ہدف صرف 12.4 اوورز میں حاصل کر لیاہے، سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب مظفر خان سیال میچ کے مہمان خصوصی تھے،انہوں نے میچ دیکھا اور میچ کے اختتام پر پاکستان کے بدرمنیر کومین آف دی میچ پر25ہزارروپے کا چیک دیاہے، سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب مظفر خان سیال نے بلائنڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ کے کامیاب انعقاد پر چیئرمین پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل سید سلطان شاہ اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔
سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب مظفر خان سیال نے اس موقع پر کہا ہے کہ بلائنڈ ٹی 20کرکٹ ورلڈکپ کے پاکستان میں منعقد ہونے پر ملک کا وقار بلند ہوا ہے،پنجا ب حکومت بلائنڈ ٹی 20کرکٹ ورلڈکپ کے انعقاد میں ہرممکن مدد کررہی ہے،بنگلہ دیش کے خلاف میچ جیتنے پر قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں،انشاء اللہ پاکستان بلائنڈ ٹی 20ورلڈکپ 2024ء کا فاتح ہوگا۔
چیئرمین پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل سید سلطان شاہ نے اس موقع پر سیکرٹری سپورٹس پنجاب مظفر خان سیال کا بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کے انعقاد کے لیے بھرپور تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیاہے اور کہا ہے کہ امید ہے ہماری ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ورلڈکپ جیت جائے گی۔