پی ٹی آئی کے مظاہرین کی ایکسپریس وے اسلام آباد پر پرتشدد کارروائیوں کی ویڈیو منظر عام پر آگئی

Nov 26, 2024 | 11:51 PM

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے مظاہرین  کی ایکسپریس وے پر آنسو گیس کے شیل فائر کرنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے۔سی سی ٹی وی فوٹیج میں مسلح جتھوں کو واضح طور پر آنسو گیس شیل اور جدید اسلحہ استعمال کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ جتھے انتہائی مہارت سے اسلحہ چلاتے نظر آ رہے ہیں، جو کسی عام آدمی کا کام نہیں ہو سکتا۔ ان افراد کے پاس موجود اسلحہ اور آنسو گیس کے شیل عام طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے مختص ہوتے ہیں۔ یہ سوال اٹھتا ہے کہ یہ جدید سرکاری اسلحہ مظاہرین کو کس نے فراہم کیا؟

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ دنوں پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے کیے گئے حملوں میں رینجرز اور پولیس کے کئی اہلکار شہید اور زخمی ہوئے، جبکہ سرکاری املاک کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔ یہ واقعات محض احتجاج نہیں بلکہ منظم حکمت عملی کے تحت کیے گئے حملے ہیں، جن کا مقصد ریاستی اداروں کو کمزور کرنا اور ملک میں انتشار پھیلانا ہے۔سیکیورٹی ذرائع نے واضح کیا کہ ایسے عناصر کی نشاندہی کی جا رہی ہے، اور مظاہرین کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ریاستی املاک اور اہلکاروں پر حملہ کرنے والوں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

مزیدخبریں