محرم میں باہمی اتحاد سے اسلام دشمن سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا :الطاف حسین

محرم میں باہمی اتحاد سے اسلام دشمن سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا :الطاف حسین
محرم میں باہمی اتحاد سے اسلام دشمن سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا :الطاف حسین

  

 لندن (مانیٹرنگ ڈیسک ) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا تھا کہ علمائے کرام، مشائخ، مذہبی سکالرز اور تمام مکاتب فکر کی عوام محرم کے موقع پر فرقہ وارانہ ہم آہنگی، مذہبی رواداری، امن وا مان بر قرار رکھیں۔

محرم الحرام کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں الطاف حسین نے کہا کہ محرم الحرام حرمت والا مہینہ ہے اور یہ مہینہ انسانی تاریخ میں عظیم قربانیوں سے عبارت ہے اور ملت اسلامیہ پر محرم الحرام کا احترام ہر حال میں لازم ہے، محر م الحرام کا مہینہ مسلم امہ کو مسلکی اور فقہی تضادات میں الجھنے کے بجائے ایک دوسرے کے عقائد اور مسالک کے احترام کا درس دیتا ہے اور محرم الحرام کے مہینے کی حرمت پامال کرنے والے عناصر کسی طرح بھی مسلم امہ کے دوست نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام اور عوام سے بھی خصوصاً اپیل کی کہ وہ محرام الحرام کے دوران مجالس ، جلوس ، خطبات اورمحافل میں شرکت کریں تاکہ بھائی چارگی ، فرقہ وارانہ اتحاد اور امن و امان کے قیام کو یقینی بنایا جاسکے۔

الطاف حسین نے ملک بھر میں موجود ایم کیو ایم کے ذمہ داران و کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ محرم الحرام کے موقع پر فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کو برقرار رکھنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور اپنے اپنے علاقوں میں مختلف مکاتب فکر کے بزرگوں اور نوجوانوں پر مشتمل امن کمیٹیاں تشکیل دیں تاکہ محرم الحرام کے موقع پر فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھی جاسکے اور محرم کے مہینے کی حرمت کا احترام نہ کرنے والے عناصر کی سازشوں کو ناکام بنا یا جاسکے۔

مزید :

کراچی -