چیئرمین پیمرا کا ریجنل آفس فیصل آباد کا دورہ

چیئرمین پیمرا کا ریجنل آفس فیصل آباد کا دورہ

لاہور(پ ر)چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ نے ریجنل آفس فیصل آباد کا دورہ کیا۔ انچارج ریجن حافظ جمیل اصغر نے فیصل آباد ریجن کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ چیئرمین پیمرا نے فیصل آباد ریجنل آفس کو مزید فعال بنانے پر زور دیاتاکہ اسٹیک ہولڈرز کے جائز مطالبات کو بروقت پورا کیا جا سکے اور پیمرا قوانین اور الیکٹرانک میڈیا ضابطۂ اخلاق پر مؤثر انداز میں عملدرآمد کروایا جا سکے۔ انہوں نے مزید اس بات پربھی زور دیاکہ غیر قانونی ڈی ٹی ایچ کے خلاف جامع کاروائی کی جائے تاکہ پاکستانی ڈی ٹی ایچ کیلئے راستہ ہموار کیا جا سکے ۔ اپنے دورہ کے دوران چیئرمین پیمرا نے کیبل آپریٹرز فیصل آباد کے نمائندگان سے بھی ملاقات کی اور اُن کو یقین دہانی کروائی کہ پیمرا ان کے تمام جائز مطالبات پورے کرے گا۔

تاہم انہوں نے کیبل آپریٹرز سے مزید کہا کہ وہ پیمرا قوانین کے دائرے میں رہتے ہوئے کام کریں اور غیر قانونی چینلزکو بند کر دیں اور سی ڈی چینلز پرمقررہ حد سے زیادہ غیرملکی مواد دکھانے سے گریز کریں ۔ان کا کہنا تھا کہ کیبل آپریٹرزپر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ معاشرے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں اور سماجی و معاشرتی اقدار کے محافظ بنیں اور پیمرا کے ساتھ مل کر پاکستانی ڈی ٹی ایچ کو کامیاب بنائیں تاکہ اربوں روپے کا ملکی سرمایہ غیر قانونی طریقے سے باہر نہ جا سکے۔

مزید : کامرس