لیڈی ہیلتھ ورکر پروگرام کی سُکھ اقدام کے ساتھ اشتراک میں توسیع

لیڈی ہیلتھ ورکر پروگرام کی سُکھ اقدام کے ساتھ اشتراک میں توسیع

لاہور(پ ر) سندھ لیڈی ہیلتھ ورکر پروگرام اور سُکھ اقدام کے درمیان مفاہمتی یاد داشت پر دستخط ہوگئے جس کے تحت سندھ لیڈی ہیلتھ ورکر پروگرام کو مستحکم بنانے کے لئے خصوصی توجہ دی جائے گی۔ سُکھ پاکستان میں شہری فیملی پلاننگ کا پہلا پروجیکٹ ہے جس نے امن فاؤنڈیشن، بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن اور ڈیوڈ اینڈ لوسل پیکرڈ فاؤنڈیشن کے تعاون سے نومبر 2013 میں کام کا آغاز کیا۔ اس پروجیکٹ کا ہدف یہ ہے کہ کراچی کی مضافاتی آبادی میں ابتدائی طور پر تقریبا دس لاکھ افراد میں مانع حمل کے جدید طریقوں کے حوالے سے آگہی بڑھائی جائے ۔ اس پروجیکٹ نے کامیابی کے ساتھ اپنے 5 سال مکمل کئے ہیں اور کورنگی، لانڈھی، بن قاسم اور ملیر کے منتخب علاقوں میں قابل ذکر نتائج سامنے آئے ہیں ۔ اس معاہدے کے تحت سُکھ کی جانب سے سندھ لیڈی ہیلتھ ورکر پروگرام کی مشترکہ مانیٹرنگ اور صلاحیتوں میں اضافے کے لئے تعاون فراہم کیا جائے گا۔ اس معاہدے سے قبل سُکھ اقدام سندھ لیڈی ہیلتھ ورکر پروگرام سال 2016 سے کام کررہا تھا جس کا مقصد یہ تھا کہ فیملی پلاننگ اور تولیدی صحت پر مبنی مثبت رویوں کو فروغ دیا جائے اور ان کے بارے میں آگہی بڑھائی جائے۔ اس سلسلے میں 200 لیڈی ہیلتھ ورکرز کو فیملی پلاننگ سروسز میں بہتری، فیملی پلاننگ اور جوائنٹ مانیٹرنگ کے میکنزم کو مستحکم بنانے اور فیملی پلاننگ کے طریقوں سے عوام کو روشناس کرنے کیلئے تربیت فراہم کی جائے گی ۔

اس کے ساتھ لائف اسکل سے متعلق تربیت بھی لیڈی ہیلتھ ورکر ز کو فرایم کی جائے گی ۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ مشترکہ مانیٹرنگ کے نظام نے مجموعی طور پر نظام کو مستحکم بنایا ہے اور اس سے لیڈی ہیلتھ ورکرز کی کارکردگی اور ان میں اجتماعی ذمہ داری کا احساس بڑھ گیا ہے۔

سندھ کی وزیر برائے صحت و بہبود آبادی ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے پاکستان میں فیملی پلاننگ کی اہمیت کو اُجاگر کرنے کیلئے جدت انگیز طریقہ اختیار کرنے پر سُکھ اقدام اور امن ہیلتھ کیئر سروسز کی کاشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا، "محکمہ صحت کے فیملی پلاننگ پروجیکٹ کے ساتھ منظم اور خصوصی اشتراک پر مجھے انتہائی خوشی ہے۔ سُکھ اقدام درحقیقت خواتین کو بااختیار بنانے کی جانب ایک اور قدم ہے جس سے متاثرہ طبقے کے معیار زندگی میں بہتری آئے گی۔ سُکھ اقدام کا ماڈل سندھ میں فیملی پروجیکٹ کو مستحکم بنانے کے لئے رہنمائی کے طور پر کام کرے گا۔"

مزید : کامرس