ٹی ٹونٹی مین بہترین اوسط سے رنز، بابراعظم نے عالمی ریکارڈ بناڈالا
ابو ظہبی (این این آئی)پاکستانی بلے باز بابراعظم نے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں بہترین اوسط سے رنز بنا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق بابر اعظم نے 2016ء سے 2018ء کے دوران 21 میچز میں 57.57 کی اوسط سے رنز بنا کر بھارتی بلے باز ویرات کوہلی کا بہترین اوسط سے رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ توڑ کر یہ سنگ میل عبور کیا ٗبابر اعظم نے 806 رنز بنا رکھے ہیں جس میں ان کی 6 شاندار نصف سنچریاں بھی شامل ہیں، 97 ٹی ٹونٹی میں ان کا بہترین سکور ہے ۔ یاد رہے کہ بھارتی مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی نے 62 میچز میں 48.88 کی اوسط سے 2102 رنز بنا رکھے تھے۔ اس کے ساتھ ساتھ بابر اعظم ٹی ٹونٹی کرکٹ میں مسلسل تین نصف سنچریاں سکور کرنے والے چوتھے پاکستانی بلے باز بھی بن گئے۔پاکستان کی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اوپننگ بلے باز بابر اعظم نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کو دوسرے میچ میں بھی شکست دے کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کریں گے۔ بابر اعظم نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف پہلے میچ میں ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کرنے پر وہ بہت خوش ہیں۔ اپنے ایک بیان میں بابر اعظم نے کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ اور بھرپور فارم میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کینگروز کے خلاف دوسرے میچ میں شرکت کے لئے بیتاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی کارکردگی کو برقرار رکھتے ہوئے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے میچ میں بھی اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کریں گے۔