مقبوضہ کشمیر ، بھارتی فوج کی دہشتگردی ، ضلع اسلام آبا میں مزید 5نوجوان شہید ، علاقے میں مظاہرے

مقبوضہ کشمیر ، بھارتی فوج کی دہشتگردی ، ضلع اسلام آبا میں مزید 5نوجوان شہید ، ...

سرینگر (این این آئی)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی ایک اور کارروائی کے دوران جمعرات کی شام ضلع اسلام آبادمیں مزید پانچ نوجوان شہید کر دیئے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے ان نوجوانوں کو ضلع کے علاقے اَرونی بجبہا ڑ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ آخری اطلاعات تک علاقے میں بھارتی فوج کا آپریشن جا ری تھا۔نوجوانوں کی شہادت پر علاقے میں زبردست مظاہرے ہو رہے ہیں۔ بھارتی فوجیوں او رپولیس اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے گولیاں چلائیں اور پیلٹ برسائے جس کے نتیجے میں کئی کے زخمی ہو نے کی اطلاعات ہیں۔ اس پہلے جمعرات کی صبح بارہ مولہ میں دو نوجوان شہید کئے گئے تھے ۔ان نوجوانوں کی شہادت کے بعد اب شہدا کی تعداد سات ہو گئی ہے۔غاصب بھارتی فوج کی جانب سے دو کشمیریوں کی شہادت پر مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماؤں کی کال پر مکمل ہڑتال کی گئی،گذشتہ 6ماہ میں 3اعلی تعلیم یافتہ کشمیری جوان بھارتی افواج کی ریاستی دہشت گردی کی بھینٹ چڑھ گئے۔کشمیر میڈیا سیل کے مطابق بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی اور سری نگر میں پی ایچ ڈی اسکالر سمیت دو کشمیریوں کے قتل کے خلاف مقبوضہ کشمیر میں آج مکمل ہڑتال ہے۔حریت کانفرنس کے سینئر رہنما سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک کی اپیل پر بھارتی مظالم کے خلاف آج ہڑتال کی گئی ہے جبکہ کل پر امن مظاہرہ کیا جائے گا۔بھارتی فورسز نے گزشتہ روز سری نگر میں پی ایچ ڈی اسکالر سمیت دو کشمیریوں کو شہید کیا تھا، جس پر کشمیریوں نے گزشتہ روز بھی شدید احتجاج کیا تھا۔بھارتی فوج گزشتہ 6ماہ کے دوران ریاستی دہشت گردی میں 3اعلی تعلیم یافتہ کشمیریوں کو شہید کر چکی ہے۔

کشمیر

کشمیری شہید

مزید : صفحہ اول