کرپشن کا خاتمہ اور لوٹی رقم کی واپسی ہماری اولین ترجیح : چیئر مین نیب
اسلام آباد(صباح نیوز)قومی احتساب بیورو کے چئیرمین جسٹس (ر)جاوید اقبال نے نیب ہیڈ کوارٹرز میں کھلی کچہری میں ملک بھر سے آئے ہوئے عوام کی بدعنوانی سے متعلق شکایات کو توجہ اور اطمینان کے ساتھ فرداََ فرداَََ سنا اور کہاکہ نیب ہر شکایات کو نیب کے قانون اور شواہد کے مطابق جائزہ لے گا کیونکہ نیب ملک سے بدعنوانی کاخاتمہ اور عوام کی لوٹی ہوئی رقم کی واپسی نیب کی اولین ترجیح ہے۔ نیب نے بدعنوان عناصر سے عوام کی لوٹی ہوئی تقریباََ 297 ارب روپے کی رقم برآمد کرکے نہ صرف قومی خزانے میں جمع کروائی ہے بلکہ بدعنوان عناصر کے خلاف بلا تفریق احتساب کا عمل بھی جاری ہے جو کہ نیب بدعنوانی سے پاک پاکستان کے عزم کی تکمیل تک جاری رہے گا اور اس سلسلہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔چئیرمین نیب جاوید اقبال نے اپنے منصب کی زمہ داریا ں سنبھالنے کے بعد نیب افسران سے خطاب میں اس بات کا اعلان کیا تھا کہ وہ ہر ماہ کی آخری جمعرات کو عوام کی بدعنوانی سے متعلق شکایات بذاتِ خود نیب ہیڈ کوارٹرز میں سنیں گے۔ اپنے وعدہ پر عمل کرتے ہوئے وہ ہر ماہ کی آخری جمعرات کو نیب ہیڈ کوارٹرز میں کھلی کچہری میں ملک بھر سے آنے والے شکایا ت کنندہ گان کی بدعنوانی سے متعلق شکایات سنتے ہیں بلکہ شکایات پر موقع پر ہی قانون کے مطابق ضروری احکامات بھی جاری کرتے ہیں۔ اس کی وجہ سے نہ صرف نیب پر عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے بلکہ تمام شکایات کنندہ گان نے چئیرمین نیب جاوید اقبال کی ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے کی جانے والی کاوشوں کو سراتے ہیں۔ قومی احتساب بیورو کے چئیرمین نے ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے عملی اقدامات کی بدولت گزشتہ ایک سال میں نیب کو بدعنوانی کے خاتمے کیلئے ایک معتبر ادارہ بنا دیا ہے ۔ چئیرمین نے نیب کے افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ عوام کی بدعنوانی سے متعلق تمام شکایات کو کمپیوٹر ائزڈ کرنے کے علاوہ تمام شکایات کنندگان کو ان کی شکایت کی وصولی کی اطلاع کے علاوہ ان کی شکایات کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جائے اور تمام شکایات کنندہ گان کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے کے علاوہ ان کی عزت نفس کا ہمیشہ خیال رکھا جائے اس سلسلہ میں کوئی کوتائی برداشت نہیں کی جائے گی۔
چیئرمین نیب