این اے95، وزیر اعظم کی کامیابی کیخلاف عذرداری پر فریقین کے وکلاء طلب

این اے95، وزیر اعظم کی کامیابی کیخلاف عذرداری پر فریقین کے وکلاء طلب

لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید پر مشتمل الیکشن ٹربیونل نے حلقہ این اے 95میانوالی سے وزیر اعظم عمران خان کی کامیابی کے خلاف دائرانتخابی عذرداری پر فریقین کے وکلا ء کو بحث کے لئے طلب کرلیا ہے۔ یہ عذرداری ان کے مد مقابل پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے امید وار عبدالوہاب بلوچ نے دائر کررکھی ہے ،جس میں وزیر اعظم عمران خان کی اس حلقہ سے عام انتخابات میں کامیابی کو چیلنج کیا گیاہے، انتخابی عذداری میں عمران خان کے کاغذات نامزدگی اور ان کے انتخابات لڑنے کی اہلیت پر اعتراضات اٹھائے گئے ہیں، عمران خان کے وکیل نے انتخابی عذداری کو ناقابل سماعت قرار دیا اور موقف اختیار کیا کہ عمران خان نے کاغذات نامزدگی میں تمام معلومات فراہم کی ہیں، اس اس لئے عذرداری کو مسترد کیا جائے، دوسری جانب درخواست گزار کے وکیل مبین قاضی نے دعویٰ کیا کہ عمران خان نے کاغذات نامزدگی میں اپنے بچوں کے بارے میں تمام معلومات فراہم نہیں کیں، کاغذات نامزدگی میں اپنے تمام معلومات فراہم نہ کرنے کی وجہ سے وہ انتخاب لڑنے کے اہل نہیں ,درخواست گزار وکیل نے استدعا کی کہ عمران خان کاغذات نامزدگی میں حقائق چھپانے پر صادق اور امین نہیں رہے ،انہیں نااہل قراردے کر حلقہ این اے 95 سے ان کی کامیابی کو کالعدم قرار دیا جائے،اس کیس کی مزید سماعت 2 نومبر کو ہوگی ۔

مزید : علاقائی