خشوگی قتل ، ثبوت امریکا کے حوالے ، فتح انصاف کی ہو گی ، سعودی ولی عہد

خشوگی قتل ، ثبوت امریکا کے حوالے ، فتح انصاف کی ہو گی ، سعودی ولی عہد

انقرہ،ریاض،لندن(نیوز ایجنسیاں) ترکی نے امریکی سی آئی اے کو جمال خشوگی کے قتل کے حوالے سے ثبوت فراہم کر دیئے، فتح انصاف کی ہو گی،جمال خشوگی کا قتل قابل مذمت ہے، سعودی ولی عہد،جمال خشوگی کے قتل میں ملوث ملزمان کے برطانیہ میں داخلے پر پابندی ،حقائق سامنے آنا ضروری ہیں،برطانوی وزیر اعظم۔تفصیلات کے مطابق ترکی نے امریکہ کو جمال خشوگی کے قتل کے حوالے سے ثبوت فراہم کر دیئے۔ ثبوت جینا ہاسپل کو ترکی کے دورے پر دیئے گئے،سربراہ سی آئی اے جینا ہاسپل کو ترک حکام نے سعودی قونصلیٹ کی عمارت اور قونصل جنرل کے گھر سے برآمد ہونے والی اشیا کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا، دوسری جانب ترک صدر کے مشیر کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد کے ہاتھ خون میں رنگے ہوئے ہیں۔انہیں خشوگی کے قتل سے بری الذمہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔ امریکہ کو آنکھیں بند نہیں کرنی چاہئیں۔ ترک میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ ترک انٹیلی جنس نے ترکی کے دورے پر آئی ہوئی سی آئی اے چیف جینا ہاسپل کوسعودی صحافی جمال خشوگی کے استنبول میں سعودی قونصلیٹ میں قتل اور تشدد کی آڈیو ریکارڈنگ سنا دی جبکہ ویڈیو ثبوت بھی دکھائے گئے ہیں۔ جمال خشوگی کے قتل کی پلاننگ کئی ہفتے قبل کی گئی تھی ، قتل کرنے والی سعودی ٹیم پندرہ افراد پر مشتمل تھی جس میں جنرل بھی شامل ہے۔علاوہ ازیں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ استنبول میں سعودی صحافی جمال خشوقی کا قتل بیزار کن اور انتہائی قابل مذمت ہے۔ مکمل چھان بین کے بعد فتح انصاف ہی کی ہو گی۔ شہزادہ محمد بن سلمان کا قتل سے متعلق یہ بیان عوامی سطح پر دیا جانے والا پہلا بیان ہے۔ ریاض میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کانفرنس سے اپنے خطاب میں محمد بن سلمان نے امریکا کے ان الزامات کا کوئی براہ راست جواب نہ دیا کہ سعودی عرب نے اس قتل پر پردہ ڈالنے کی بھرپور کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ تمام سعودی باشندوں کے لیے بہت تکلیف دہ ہے۔ دریں اثناامریکہ کے بعد برطانیہ نے بھی جمال خشوگی کے قتل میں ملوث مشتبہ سعودی حکام کے پاسپورٹ منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ،ان افراد کے برطانیہ میں داخلے پر بھی پابندی ہوگی۔برطانوی وزیراعظم ٹیریزامے کے مطابق سعودی صحافی کے قتل سے متعلق سارے حقائق سامنے آنے ضروری ہیں، اس حوالے سے سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے فون پر بات کریں گے، سیکرٹری داخلہ پابندی کے حوالے سے اقدامات کر رہے ہیں، ان مشتبہ افراد کے پاس اگر برطانوی ویزہ ہے تو وہ منسوخ کر دئیے جائیں گے، امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے بھی سعودی صحافی قتل میں ملوث اکیس ملزمان کے ویزے منسوخ کرنے اور مستقبل میں ان کے امریکہ میں داخلے پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے ، ان افراد کا تعلق سعودی خفیہ اداروں، رائل کورٹ اور وزارتِ خارجہ سے ہے۔

خشوگی قتل

مزید : کراچی صفحہ اول