حافظ نعیم کی ڈی جی نادرا سے ملاقات، عوا می مشکلات سے آگاہ کیا

حافظ نعیم کی ڈی جی نادرا سے ملاقات، عوا می مشکلات سے آگاہ کیا

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں ایک وفد نے ڈائریکٹر جنرل نادرا میر عجم خان درانی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور قومی شناختی کارڈ ز کے حصول میں شہریوں کو درپیش مشکلات و پریشانیوں ، بلاجواز رکاوٹوں اور مسائل کے حل کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا ۔وفد میں جماعت اسلامی کراچی کے سکریٹری عبد الوہاب ،ضلع غربی کے امیر عبد الرزاق خان، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور پبلک ایڈ کمیٹی نادرا کمپلنٹ سیل کے انچارج طاہر امیر الحسن شامل تھے۔ ڈی جی نادرا نے جماعت اسلامی کے وفد کا خیر مقدم کیا ، نادرا دفاتر کے اندر عوام کو دی جانے والی سہولیات اور دفاتر کو ازسر نو بہتربنانے کے حوالے سے بریفنگ دی اور مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔حافظ نعیم الرحمن نے ڈی جی نادرا کو بتایا کہ عوام کو اب بھی لمبی قطاروں میں انتظار کرنا پڑتا ہے اور چھوٹے معاملات میں بھی تنگ کرنے کا سلسلہ جاری ہے بالخصوص مختلف کمیونیٹیز کے ساتھ نادرا والوں کا رویہ بہتر نہیں ہوتا اسے درست کیا جائے ، تمام بلاک شدہ شناختی کارڈز اور جن افراد کے والدین کے کارڈز پہلے سے بنے ہوئے ہیں ان تمام لوگوں کے شناختی کارڈز فی الفور بنائے جائیں اور عوام کی دیگر مشکلات اور پریشانیاں دور کی جائیں ۔ ڈی جی نادرا نے بتایا کہ ہم نے اب کراچی میں ہر دفتر کے اندر ون ونڈو آپریشن شروع کردیا ہے، نادرا دفاتر میں اب زیادہ بہتر انداز سے لوگوں کے مسائل حل کیے جا رہے ہیں ۔بعض اوقات شناختی کارڈ کے حصول میں کچھ قانونی پیچیدگیاں اور دشواریاں حائل ہوجاتی ہیں،جن کو دور کرنے کے لیے قانون سازی کی ضرورت ہے ۔حافظ نعیم الرحمن نے ان کو بتایا کہ جماعت اسلامی کے اراکین پارلیمنٹ نے اس پر پہلے بھی سینیٹ اور قومی اسمبلی میں قرار داد پیش کی ہے اور آئندہ بھی پارلیمنٹ کے اندر نادرا کے حوالے سے قانون سازی کی ہر ممکن کوشش کریں گے تاکہ عوام کو مستقل ریلیف مل سکے ۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -