کراچی ، گورنر سندھ نے ضلع وسطی میں3فلائی اوورز کا سنگ بنیاد رکھ دیا

کراچی ، گورنر سندھ نے ضلع وسطی میں3فلائی اوورز کا سنگ بنیاد رکھ دیا

  

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وفاقی حکومت کے جانب سے ضلع وسطی میں تعمیر کئے جانے والے تین فلائی اوورز کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے ،یہ فلائی اوورز سخی حسن چورنگی ،فائیو اسٹار چورنگی اور کے ڈی اے چورنگی پر تعمیر کئے جارہے ہیں جن کی لاگت کا تخمینہ 2.14 ارب روپے لگایا گیا ہے، سنگ بنیاد کے موقع پر گورنرسندھ کو فلائی اوورز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ فلائی اوورز مارچ 2019 میں مکمل ہو جائیں گے۔اس موقع پر میئر کراچی وسیم اختر بھی اس موقع پر موجود تھے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ وزیر اعظم ملک کے معاشی حب کراچی کی تعمیر و ترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں کیونکہ کراچی ترقی کرے گا تو ملک ترقی کرے گااس لئے شہر کے انفرا اسٹرکچر میں بہتری کو ترجیح دی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کی تعمیر و ترقی کے لئے کراچی ٹرانسفارمیشن کمیٹی قائم کی گئی ہے جو کہ مختلف شعبوں کے ماہرین پر مشتمل ہے صوبائی حکومت کو بھی وفاقی منصوبوں میں شمولیت کی دعوت دی ہے،وفاقی حکومت کے منصوبوں میں ہر سطح پر شفافیت کو برقرار رکھا جائے گا۔ گورنرسندھ نے کہا کہ معاشی شہ رگ کراچی کی ترقی کے لئے وفاق بھرپور تعاون جاری رکھے گا ، شہر کی ضروریات کے مطابق سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے ،وفاقی حکومت کے اہداف میں کراچی کی تعمیر و ترقی سرفہرست ہے ،شہر یوں کے مسائل کے حل کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مل کر کام کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کوپچھلے ادوار میں نظر انداز کیا جاتا رہا ہے یہی وجہ ہے کہ آج شہر مسائل کا گڑھ بن چکا ہے ، موجودہ حکومت نے شہر کی تعمیر و ترقی کے لئے مختلف پروگرامز ترتیب دیئے ہیں جن کی تکمیل سے شہر یوں کو زبردست سہولیات حاصل ہوں گی ۔ ایک سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کراچی کی ترقی میں بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں ، 16 ستمبر کے دورہ کے دوران وزیر اعظم نے کراچی کے لئے 200 ،200 ملین کے تین ڈی سیلیشن پلانٹس اور نادرن بائی پاس کو چھ رویہ کرنے کا اعلان کیا تھا اس وقت نادرن بائی پاس ایک رویہ ہے جس سے عوام کو مشکلات کو سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ ایک او ر سوال کا جواب دیتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ کنٹریکٹرز کو ہدایت کردی ہے کہ معیار اور ہر قسم کی کرپشن سے پاک کام کو یقینی بنائیں اگر انھیں کوئی تنگ کرتا ہے تو وہ گورنر ہاؤس میں مجھ سے رابطہ کریں لیکن اگر کنٹریکٹرز کے کام سے عوام کو کوئی مسئلہ درپیش ہوا تو پھر ان سے باز پرس ہوگی۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران ضلع وسطی کے گراؤنڈ پر تجاوزات کی نشاندہی کرانے پر گورنرسندھ نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ وہ اس ضمن میں فوراً ایکشن لے کر تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنائیں کھیلوں کے گراؤنڈ میں کسی بھی قسم کی تجاوزات کو برداشت نہیں کیا جا سکتا ہے ، موجودہ حکومت عوامی مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے اس ضمن میں گورنرہاؤس کے دروازے عوام کے لئے کھلے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گرین لائن منصوبہ کے لئے آپریٹنگ پارٹنر ڈھونڈ رہے ہیں ہم چاہتے ہیں کوئی اچھے پارٹنر مل جائیں جو اس منصوبہ کو چلا سکیں امید ہے کہ اگلے دو ماہ میں ہمیں منصوبہ کے لئے آپریٹنگ پارٹنر مل جائیں گے اس کے چھ ماہ بعد ہم اس منصوبہ کو چلا دیں گے ۔ پاکستان کوارٹر کے معاملہ پر گورنرسندھ نے کہا کہ اس ضمن میں میری چیف جسٹس پاکستان سے بات ہوئی تھی انہوں نے کہاکہ معاملہ کو احسن طریقہ سے حل کیا جائے اور اس معاملہ کو حل کرانے کے لئے کہا میری پوری کوشش ہوگی کہ معاملہ افہام و تفہیم سے حل ہو اس ضمن میں میئر کراچی اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے ساتھ مل کر مشترکہ حکمت عملی ترتیب دیں گے امید ہے کہ اس معاملہ کو ڈیڑھ ماہ میں حل کرلیا جا ئے گا ۔میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ کراچی کی ترقی و خوشحالی میں بھرپو ر دلچسپی لینے پر وزیراعظم پاکستان اور گورنر سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہیں اس ضمن میں شہر کی تعمیر و ترقی کے لئے کام کرنے والوں کے ساتھ کھڑے ہیں ۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -