گورنرسندھ سے کویت کے قونصل جنرل محمد عبد اللہ کی ملاقات

گورنرسندھ سے کویت کے قونصل جنرل محمد عبد اللہ کی ملاقات

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) گورنرسندھ عمران اسماعیل سے کویت کے قونصل جنرل محمد عبد اللہ الخالدی نے کویت انویسٹمنٹ کمپنی کے چیئر مین نیل الحمود کے ہمراہ گورنرہاؤس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں پاک کویت دوطرفہ سفارتی ، تجارتی اور سماجی تعلقات کو بڑھانے ، سرمایہ کاری اور اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ پاک کویت دوطرفہ تعلقات کئی دہائیوں پر مشتمل ہیں ، باہمی احترام کی بنیاد پر قائم یہ روابط وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہورہے ہیں ، کویت کے سرمایہ کار پاکستان با الخصوص صوبہ کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرکے روزگار کی فراہمی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات میں سفارت کاری اہم ثابت ہوتی ہے اس ضمن میں کویت کے قونصل جنرل پاک کویت تعلقات کے استحکام اور فروغ کے لئے اہم خدمت انجام دے رہے ہیں جسے پاکستانی قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ، امید ہے کہ مستقبل میں پاک کویت دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم اور مضبوط ہوں گے اس ضمن میں سرمایہ کاری اہم ثابت ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ امن و امان کے قیام اور سرمایہ کاری کے ساز گار ماحول کے باعث پاکستان کا اقتصادی حب کراچی سرمایہ کاری کے لئے پرکشش اہمیت رکھتا ہے ، شہر میں اعلیٰ تعلیم یافتہ ، محنتی اورتجربہ کار نوجوان افرادی قوت سرمایہ کاری کے لئے آئیڈیل ہے ، کویت کے سرمایہ کار بھی شہر کے مختلف شعبوں میں بھرپور سرمایہ کاری کریں اس ضمن میں حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون ، مدد اور معاونت بھی فراہم کرے گی ۔ ملاقات میں کویت کے قونصل جنرل نے کہا کہ کویت پاکستان کو خوشحال اور مضبوط دیکھنے کا خواہش مند ہے ، کویت انویسٹمنٹ کمپنی کے چیئر مین کی آمد کا مقصد با الخصوص کراچی کے مختلف شعبوں میں بھرپور سرمایہ کاری کے مواقعوں کا جائزہ لینا ہے جس سے دوطرفہ تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر