پاکستان پریس کلب پیرس فرانس کی تقریب حلف برداری کی پروقار تقریب

پاکستان پریس کلب پیرس فرانس کی تقریب حلف برداری کی پروقار تقریب
پاکستان پریس کلب پیرس فرانس کی تقریب حلف برداری کی پروقار تقریب

  

پیرس (ایازمحمودایاز) فرانس میں صحافیوں کی پہلی تنظیم پاکستان پریس کلب پیرس فرانس رجسٹرڈ کی سولہویں سالگرہ و تقریب حلف برداری کی تقریب پیرس کے معروف ذائقہ ریستوران میں ہوئی۔ تقریب میں نظامت کے فرائض جنرل سیکریٹری اشفاق چوہدری اور سینئر نائب صدر ایاز نے ادا کئے۔ مہمان خصوصی سفیر پاکستان معین الحق کا استقبال نومنتخب عہدیداروں نے کیا اور مہمانوں کو ان سے متعارف کرایا۔ لندن سے معروف صحافیوں شوکت ڈار ، مرتضٰی علی شاہ ، سید کوثر کاظمی ، فرید قریشی اور اظہر جاوید نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ سفیر پاکستان نے نو منتخب پاکستان پریس کلب پیرس کے عہدیداروں کو مبارک باد پیش کی ۔

پریس کلب کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لندن سے آئے ہوئے معروف صحافی سید کوثر کاظمی نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی پاکستان کے لئے خدمات اور ان کے مسائل کو پاکستانی حکمرانوں تک پہنچانے کے لئے ورکنگ جرنلسٹ سیڑھی بنتے ہیں۔ آزاد صحافت کے لئے پاکستانی صحافیوں کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔ شوکت ڈار صدر پاکستان پریس کلب یو کے انٹرنیشنل نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں جمہوری حکمران ہوں یا ڈکٹیٹر صحافیوں نے ہمیشہ آزادی صحافت کے لئے قربانیاں دی ہیں اور آزادی صحافت کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گی۔ شوکت ڈار نے نومنتخب عہدیداروں سے حلف لیا۔ پریس کلب کے بانی سابق صدر صاحبزادہ عتیق الر حمن نے اپنے خطاب میں پریس کلب کے قیام اور پاکستان کے بہتر امیج کے لئے کلب کی خدمات سے آگاہ کیا۔ نومنتخب صدر میاں محمد امجد نے کہا کہ وہ حسب روایت کمیونٹی کے مسائل کو اجاگر کرتے رہیں گے اور صحافیوں کے اتحاد کے لئے ان کے دروازے کھلے ہیں۔

پریس کلب کی اس خوبصورت اور پروقار تقریب سے دیگر عہدیداران اور کمیونٹی راہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پریس کلب پیرس فرانس نے گزشتہ سولہ سالوں میں فرانس کی پاکستانی کمیونٹی کے اتحاد ، ٹیلنٹڈ نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لئے ایوارڈ ز تقریب ، پاکستان کے بہتر امیج کے لئے خدمات انجام دینے والے فرانسیسی اور پاکستانی لوگوں کی خدمات کا اعتراف اور ان کو پریس کلب کی طرف سے تعریفی ایوارڈ جیسے عملی کام کئے ہیں۔ اور آئندہ بھی پاکستان اور فرانسیسی لوگوں کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

مزید : تارکین پاکستان