پاکستان بزنس سنٹر کے تحت کویت میں پاک کویت کبڈی کلب کا قیام

پاکستان بزنس سنٹر کے تحت کویت میں پاک کویت کبڈی کلب کا قیام
پاکستان بزنس سنٹر کے تحت کویت میں پاک کویت کبڈی کلب کا قیام

  

کویت(عرفان شفیق سے )پاک کویت کبڈی کلب کا قیام پاکستان بزنس سنٹر کے ڈائریکٹر حافظ محمد شبیر کی زیرسرپرستی گزشتہ دنوں عمل میں آیا۔ کبڈی کلب کے قیام کی تقریب جلیب الشیوخ میں سنٹرال کے پیچھے واقع گراونڈ میں بڑے روایتی انداز سے منعقد ہوئی، جس میں پنجاب کی ثقافت کی جھلک نمایاں نظر آئی۔ کمپیئرنگ کے فرائض جنید سرور بھٹی نے انجام دئیے۔کارروائی کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا، جس کی سعادت شمشاد احمد نے حاصل کی۔ پاک کویت کبڈی کلب کے منیجر چوہدری شبیر نے تمام معزز مہمانان کا اسٹیج پر استقبال کرتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہا۔ انہوں نے پاک کویت کبڈی کلب کے کپتان عثمان ہنج کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس کلب کے قیام کیلئے بڑی محنت کی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد تمام کھلاڑیوں کو سپورٹ کرنا ہے۔حافظ محمد شبیر کی ذاتی دلچسپی سے آج ہم ایک کبڈی کلب قائم کرنے کی پوزیشن میں آ گئے ہیں۔ ۔تقریب میں حافظ محمد شبیر اور چوہدری شبیر نے کھلاڑیوں کو ٹیم کٹ دی۔آخر میں پاک کویت کبڈی کلب کے سرپرست اعلٰی حافظ محمد شبیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی ہمیں ہر قسم کے شر سے محفوظ رکھے۔ہمارا خواب پورا ہوا اور اس کلب کو آباد کریں گے۔

پاکستان نیشنل انگلش اسکول حولی کے ڈائریکٹر اور ممبر ایگزیکٹوبورڈ او پی ایف ماجد علی چوہدری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ حافظ محمد شبیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کی سپورٹ سے کویت میں کبڈی کا قیام عمل میں لایا گیا اور کھلاڑیوں کے لئے فنڈز جاری کئے گئے۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی بڑے محنتی ہیں۔ انہیں امید ہے کہ وہ کویت میں پاکستان کے اس ثقافتی کھیل کے فروغ کیلئے کام کریں۔انہوں نے کہا کہ کویت میں رہ کر پاکستان کیلئے جتنی خدمت کر سکتے ہیں ، کرنی چاہئے۔ وہ انٹرنیشنل سکول و کالج پاکستان کے پرنسپل کرنل ر انجم مسعود کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان میں ڈیم کیلئے 3400 دینار جمع کئے اور سکول کے تمام اساتذہ نے ایک ایک دن کی تنخواہ ڈیم فنڈ میں جمع کرائی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کویت میں انٹرنیشنل سطح کے کبڈی میچ کرائے جائیں گے۔

پاک کویت کبڈی کلب انتظامیہ میں احسان چیمہ فنانس سیکرٹری، چوہدری شبیر ٹیم منیجر، سید حسنین شاہ کوچ اور کھلاڑیوں میں عثمان ہنج کپتان، ملک عمران نائب کپتان، مقدم مصطفی ،عاصم شہزاد،شمشاد چیمہ،محمد زبیر،عبید الرحمن، وحید،ملک طاہر،محمد افضال،شمعون واہگہ،ناصر گوندل، یاسر،طیب خان،ستنام سنگھ اور سونو شامل ہیں۔

مزید : عرب دنیا /تارکین پاکستان