معروف ریسلر جان سینا نے سعودی عرب کو زوردار جھٹکا دے دیا

معروف ریسلر جان سینا نے سعودی عرب کو زوردار جھٹکا دے دیا
معروف ریسلر جان سینا نے سعودی عرب کو زوردار جھٹکا دے دیا

  

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) استنبول میں واقع سعودی سفارت خانے میں صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے معاملے پر سعودی عرب کو عالمی سطح پر تنہائی کا سامنا ہے اور اب معروف ریسلر جان سینا نے بھی سعودی عرب کو زوردار جھٹکا دے دیا ہے۔

میل آن لائن کے مطابق سعودی حکومت کے ویژن 2030ءکے ایک حصے کے طور پر رواں سال مارچ میں ڈبلیو ڈبلیو ای نے سعودی عرب کے ساتھ 10سالہ شراکت داری کا ایک معاہدہ کیا تھا، جس کے تحت اسے سعودی عرب میں ریسلنگ کے مقابلے منعقد کروانا تھے، لیکن اب ریسلر جان سینا نے جمال خاشقجی کے قتل کے معاملے پراحتجاجاً 2نومبر کو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہونے والے مقابلے میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مبینہ طور پر ایک اور ریسلر ڈینیئل برائن نے بھی سعودی عرب جانے سے انکار کر دیا ہے تاہم ان کے انکار کی تاحال تصدیق نہیں ہو سکی۔ دوسری طرف ڈبلیو ڈبلیو ای نے سعودی عرب میں آپریشن جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ”ڈبلیو ڈبلیو ای گزشتہ 20سال سے مشرق وسطیٰ میں آپریٹ کر رہی ہے اور وہاں بڑی تعداد میں اپنے مداح پیدا کر چکی ہے۔ تاہم جمال خاشقجی کے قتل کو ذہن میں رکھتے ہوئے ہمیں 2نومبر کو ریاض میں ہونے والے مقابلے کے متعلق فیصلہ کرنے میں بہت مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔ لیکن جیسا کہ باقی امریکی کمپنیوں بھی سعودی عرب میں اپنے آپریشن جاری رکھنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں، ڈبلیو ڈبلیو ای نے بھی یہ مقابلہ منعقد کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔“

مزید : کھیل