پوری دنیا میں ٹی وی ڈراموں میں کام کرنے کا سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ
لاس اینجلس(نیوز ڈیسک)فلمی دنیا میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والے فلمسٹاروں کے بارے میں ہم آئے روز سنتے ہیں، کبھی کسی ایک فنکار کا نام سامنے آتا ہے تو کبھی کوئی دوسرا آگے نکل جاتا ہے۔ دوسری جانب اگر ٹی وی انڈسٹری کی بات کی جائے تو آپ یہ جان کر حیران ہوں گے کہ اس میدان میں گزشتہ سات سال سے ایک ہی اداکارہ کا راج چل رہا ہے۔ یہ کولمبین نژاد امریکی اداکارہ صوفیہ ورگارا ہیں، جو گزشتہ چھ سال سے سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ٹی وی اداکارہ قرار پارہی تھیں، اور اس سال بھی یہی ہوا ہے۔
میل آن لائن کے مطابق جون 2017ءسے لے کر جون 2018ءتک صوفیہ نے سوا چار کروڑ ڈالر، یعنی ساڑھے پانچ ارب پاکستانی روپے سے زائد کمائے ہیں۔اس دوران ABC ٹی وی کا مشہور شو ”ماڈرن فیملی“ ان کی کمائی کا سب سے بڑا ذریعہ رہا ہے۔
چھیالیس سالہ اداکارہ کی بیشتر کمائی ان کے کامیڈی ٹی وی شوز کے باعث ہے، تاہم انہوں نے ماڈلنگ سے بھی دولت کمائی ہے اور اُن کا اپنا فرنیچر اور کافی مشینیں بنانے کا کاروبار بھی ہے۔ صوفیہ کے بعد دوسرے نمبر پر اداکارہ کیلی کوکورہیں جن کی ایک سال کی کمائی تقریباً اڑھائی کروڑ ڈالر رہی۔