لاہور میں اورنج میٹرو ٹرین کا افتتاح
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گزشتہ روز162ارب سے زائد کی لاگت سے مکمل ہونے والی اورنج میٹرو ٹرین کا افتتاح کر دیا، آج سے عام شہری40 روپے کے یکطرفہ کرایہ سے اس پر سفر کر سکیں گے۔ 27.1 کلو میٹر طویل ٹریک پر ہر ایک کلو میٹر کے بعد ایک سٹیشن بنایا گیا ہے اور ڈیرہ گجراں سے علی ٹاؤن تک کا یہ فاصلہ43 منٹ میں طے ہو گا۔ ٹرین صبح ساڑھے سات بجے سے رات ساڑھے آٹھ بجے تک رواں رہے گی۔ یہ منصوبہ چین کے تعاون سے مکمل ہوا،اس کے لئے ایگزم بینک چائنہ نے162 ارب روپے کا قرض آسان شرائط پر فراہم کیا، منصوبے کے بارے میں سابق وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے2014ء میں بات چیت شروع کی، اس پر کام شروع ہوا تو2016ء میں عدالت سے رجوع کر لیا گیا، حکم امتناعی کی وجہ سے کام رکا رہا، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کام دوبارہ شروع ہوا، لیکن مسلم لیگ(ن) کی حکومت ختم ہو گئی۔ اس سے مزید تاخیر ہوئی،لیکن بالآخر نئی حکومت نے اِس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچا دیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ایک پُروقار تقریب میں ٹرین میں سفر بھی کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عوام کو مبارک دی تو مسلم لیگ(ن) نے بھی خوشی منائی اور جین مندر پر باقاعدہ تقریب منعقد کی گئی کہ عوامی سہولت کا یہ منصوبہ ان کی حکومت کا کارنامہ ہے۔
کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر ہے،لیکن وہاں کے شہریوں کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے کی طرف توجہ نہیں دی گئی۔سندھ حکومت کو تیز رفتاری کے ساتھ اس طرف توجہ کرنی چاہئے تاکہ کراچی کی بے بسی اور لاوارثی کا تاثر کچھ تو ختم ہو۔