گندم کی اوسط پیداوار میں اضافہ کیلئے ترقی دادہ اقسام کا بیج کاشت کرنا چاہیئے
سرگودھا(اے پی پی): گندم کی اوسط پیداوار میں اضافہ کیلئے ترقی دادہ اقسام کا بیج کاشت کرنا چاہیئے منافع بخش پیداوار کے لیے کھادوں کا متوازن استعمال ناگزیر ہے۔اس سلسلہ میں فارم ایڈوائزری سنٹر فوجی فرٹیلائزر سرگودھاکے تحت گندم کی منافع بخش کاشت پر مقامی ہوٹل میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف زرعی اداروں کے نمائندگان، ریسرچ ڈیپارٹمنٹ کے افسران اور ترقی پسند کاشتکاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ فیض محمد کندی ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹنشن سرگودھا نے اس تقریب کی صدارت کی۔ لیاقت علی واہلہ ڈپٹی مینجر فارم ایڈوائزری سنٹر سرگودھا نے ایف ایف سی کی زرعی خدمات پر روشنی ڈالی۔انہوں نے زمینداروں سے کہا کہ وہ کمپنی سے اپنی زمینوں کا مفت تجزیہ کرائیں۔
کہ فصلوں کی ضرورت کے مطابق کھادوں کا متناسب استعمال ممکن ہو سکے جس سے فی ایکڑ اخراجات میں کمی اور آمدن میں اضافہ کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے بتایاکہ گندم کی بھر پور پیداوار کیلئے پودوں کی تعداد پوری ہونی چاہیے۔ بیج کو پھپھوندی کش زہر لگا کر کاشت کرنے سے فصل بیماریوں کو بہتر مقابلہ کر سکتی ہے۔مزید براں گندم کی اوسط پیداوار میں اضافہ کے لیے ترقی دادہ اقسام کا گریڈڈبیج کاشت کرنا چاہیے۔ ایف ایف سی کے ریجنل مینجر فیصل شہزاد نے بتایا کہ ایف ایف سی ملک بھر کے کاشتکاروں کے لیے مٹی اور پانی کے تجزیے کی مفت سہولت فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ ملکی کھاد کی ضروریات کو پوار کرنے کیلئے تمام ضروری اجزاء پر مشتمل کھادیں پورے ملک میں یکساں فراہم کی جا رہی ہیں۔ مزید یہ کہ ایف ایف سی یوریا، ڈی اے پی اور پوٹاش کھادوں کی علاقے میں خاطرخواہ فراہمی کو یقینی بنارہی ہے تاکہ کاشتکار وں کے لئے انکا بروقت حصول ممکن بنایا جاسکے۔ محمد طاہرنعیم سینئر ایگزیکٹو مارکیٹنگ (ایگری سروسز)نے گندم کی فصل میں کھادوں کے متوازن استعمال پر شرکاء سیمینار کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اجزائے کبیرہ اور صغیرہ کا استعمال تجزیہ اراضی کے بعد کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ زمینوں میں نائٹروجن اور فاسفورس کے علاوہ پوٹاش کی بھی کمی پائی جاتی ہے اس لئے گندم کی کاشت کے وقت ایم او پی یا ایس او پی کا استعمال ضروری ہے۔ محمد نواز خان میکن ڈائریکٹر سٹرس ریسرچ انسٹیٹوٹ سرگودحانے کاشتکاروں کو باغات میں لگنے والی بیماریوں اور ان کے تدارک سے آگاہ کیا۔ فیض محمد کندی نے فوجی فرٹیلائزر کمپنی کی کاشتکاروں کیلئے زرعی خدمات کو سراہااور کہاکہ زمینداروں کو چاہیئے کہ وہ ماہرین کی سفارشات پر عمل کر کے اپنی اور قومی پیداوار میں اضافہ کریں۔