اسلامی اصولوں پر عملدرآمد سے ہی مسائل کا حل ہے،احتشام جاوید

      اسلامی اصولوں پر عملدرآمد سے ہی مسائل کا حل ہے،احتشام جاوید

  

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)  فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر انجینئر حافظ احتشام جاوید نے کہا ہے کہ دنیا کے تمام پیچیدہ سیاسی، معاشی اور معاشرتی مسائل کا واحد حل اسلام کے آفاقی اصولوں پر عمل درآمد میں مضمر ہے اور مسلمانوں کی یہ ذمہ دار ی ہے کہ وہ ربیع الاول کے مبارک مہینے کے دوران جشن ولادت رسول ؐکے موقع پر محسن انسانیت حضرت محمد مصطفی ﷺ کی سیرت مطاہرہ پر عمل درآمد کا عہد کریں۔وہ آج فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے زیر اہتمام جشن عید میلاد النبی ؐ کے حوالے سے ایک خصوصی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس میں صدر انجینئر حافظ احتشام جاوید، سینئر نائب صدر چوہدری طلعت محمود، ڈاکٹر رانا سجاد ارشد، انجینئر بابر شہزاد، عبداللہ قادری، حاجی محمد عابد، رانا اکرام اللہ، محمد فاضل، سید خالد محمود، شیخ محمد شفیق رفیع، رانا صفدر، اسلم بھلی، اشفاق اشرف، مرزا محمد افضل مغل، چوہدری محمدنواز، شیخ عبدالقیوم، مرزا ہدایت اللہ، حاجی محمد ادریس(سدھے شیخ)، شیخ ذوالفقار احمد، رانا فیاض، رانا رئیس احمد، حبیب الرحمن گل، رانا سعید اقبال، رانا محمد سکندر اعظم خاں، شیخ خرم شہزاد، میاں آفتاب احمد،شیخ محمد یٰسین اور دیگر عاشقانِ رسول نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کی طرح ہم نے بھی اسلام کو چند مذہبی رسومات کی ادائیگی سے منسلک کر لیا ہے حالانکہ یہ ایک مکمل نظریہ حیات ہے جس میں زندگی کے ہر پہلو اور شعبے کا مکمل طورپر احاطہ کیا گیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ بارہ ربیع الاول کے روز محض تقریبا ت منانے کی بجائے ہمیں اسلام پر اِس کی حقیقی روح کے مطابق عمل کرنے کا آغاز کرنا چاہیے تاکہ نہ صرف عالم اسلام کو درپیش مسائل حل ہوں بلکہ عالمی سطح پر بھی امن وامان کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے حضرت محمد ﷺ کو وجہ تخلیق کائنات قرار دیا اور کہا کہ اُن کی عملی زندگی قرآن کی مکمل تفسیر ہے اور ہم اُن کی پیروی کر کے ہی پاکستانی معاشرے کو اسلامی سانچے میں ڈھال سکتے ہیں۔ درود پاک کی فضیلت کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس کے پڑھنے سے بڑی سے بڑی مشکل بھی ٹل جاتی ہے، اس لئے مسلمانوں کو خاص طور پر ربیع الاول کے مہینے میں کثرت سے درود پاک کا ورد کرنا چاہیے۔ انہوں نے اسلام میں عاجزی اور انکساری کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور بتایا کہ علم، عبادت اور مال کا تکبر ان کے تمام تر دنیاوی اور روحانی فیوض و برکات کو ضائع کر دیتا ہے، اس لئے ہمیں ہمیشہ عاجزی و انکساری سے کام لینا چاہیے۔انہوں نے حقوق العباد کے بارے میں کہا کہ نبی پاک ؐ نے ہمیشہ حقوق اللہ کے ساتھ ساتھ حقوق العباد پر بھی زور دیا کیونکہ لوگوں کی خدمت سے ہی اللہ کا قرب نصیب ہوتا ہے۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر انجینئر حافظ احتشام جاوید نے مہمانوں کا خیر مقدم بھی کیا اور کہا کہ ہر سال جشن عید میلاد النبی ؐ  کو انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جاتا ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ آخر میں انہوں نے اس روحانی محفل کا انتظام کرنے اور اس میں شرکت کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس محفل کے دوران کراچی سے آنے والے معروف نعت خواں اویس رضا قادری کے علاوہ مقامی نعت خوانوں نے بھی حضور نبی کریم ؐ  کے حضور منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔جبکہ آخر میں صدر انجینئر حافظ احتشام جاوید نے اویس رضا قادری کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی اعزازی شیلڈ پیش کی۔ 

مزید :

کامرس -