پی ڈی ایم کا کوئٹہ کا جلسہ روکنے کی تمام حکومتی کوششیں ناکام ہوگئیں، نفیسہ شاہ 

 پی ڈی ایم کا کوئٹہ کا جلسہ روکنے کی تمام حکومتی کوششیں ناکام ہوگئیں، نفیسہ ...

  

 اسلام آباد (این این آئی) پیپلزپارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ حکومت کی پی ڈی ایم کا کوئٹہ کا جلسہ روکنے کی تمام تر کوششیں ناکام ہوگئیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ سلیکٹڈ وفاقی حکومت نے کبھی کورونا تو کبھی سکیورٹی خدشات کے بہانوں سے ڈرا کر جلسے منسوخ کرنے کا کہا،پی ڈی ایم نے اڑان بھرلی ہے، کٹھ پتلی حکومت اب کچھ بھی کرلے پی ڈی ایم کا راستہ نہیں روکا جا سکتا۔ انہوں نے کہاکہ گجرانوالا اور کراچی کے بعد آج بلوچستان کا عوام نااہل اور سلیکٹڈ حکومت کو واضح پیغام دیکر مسترد کریگا۔ انہوں نے کہاکہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت کے مطابق ملک بھر سے جیالے شرکت کے لئے کوئٹہ پہنچنا شروع ہوگئے ہیں، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری پہلے سے طے شدہ پلان کے تحت گلگت بلتستان میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری گلگت بلتستان سے وڈیو لنک کے ذریعے خطاب کر کے نااہل حکومت کو واضح پیغام دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ گجرانوالا اور کراچی جلسے کے بعد حکومت نے پکڑ دھکڑ شروع کردی تھی، کوئٹہ جلسے کے بعد بھی اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے جانے کا خدشہ ہے۔

نفیسہ شاہ

مزید :

صفحہ آخر -