وزیراعلیٰ پنجاب نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کا افتتاح کر دیا، ہمارے ادارے ہمارا فخر، انہیں کمزور کرنے کی ہرسازش کا ڈٹ کر مقابلہ کرینے: عثمان بزدار

وزیراعلیٰ پنجاب نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کا افتتاح کر دیا، ہمارے ادارے ...

  

لاہور(سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کا افتتاح کر دیا،افتتاحی تقریب کے بعد 26 اکتوبرآج پیر سے شہری اورنج ٹرین میں سفر کر سکیں گے، ٹرین صبح ساڑھے 7 سے رات ساڑھے 8 بجے تک چلائی جائے گی،وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی سمندر سے گہری اور شہد سے میٹھی ہے،ٹرین منصوبہ لاہور کے شہریوں کو عالمی معیار کی سفری سہولت فراہم کرے گا،منصوبہ کی تکمیل پر تمام متعلقہ محکموں اور چین کا شکریہ ادا کرتا ہوں،حکومت پنجاب اورنج  لائن ٹرین چلانے کیلئے 15 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کرے گی وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے سابقہ دور کے منصوبوں کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچا کر ایک نئی سیاسی روایت قائم ہے، ہم سیاسی تعصب سے بالا تر ہو کر سابقہ حکمرانوں کے چھوڑے ہوئے 1115ارب روپے کے ادھورے منصوبوں پر کام مکمل کر رہے ہیں،عوام کو کم پیسوں میں بہترین سفری سہولتوں کے لئے پنجاب حکومت 15ارب روپے کی سبسڈی ادا کر یگی، چین کی پاکستان دوست حکومت،تجارتی اداروں اور کمپنیوں کو دعوت دیتا ہوں کہ آئیں اور ہم مل کر ترقی کے سفر میں ہم قدم ہوں،پنجاب میں ٹرانسپورٹ، ہاؤسنگ، لائیو سٹاک اورزراعت سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، ہم چین کے دوستوں کا خیر مقدم کرینگے۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے ڈیراں گجراں کے مقام پر اورنج لائن میٹرو ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ میں اورنج لائن میٹرو ٹرین کی افتتاحی تقریب میں پاکستان کی عوام اور حکومت کی طرف سے عوامی جمہوریہ چین کا شکریہ ادا کرنا ضروری سمجھتا ہوں۔ پاکستان اور چین کے تعلقات کی تاریخ چھ دہائیاں پرانی ہے۔ عالمی منظر نامے میں کئی تبدیلیاں آئیں لیکن دونوں ممالک کے تعلقات دن بدن گہرے ہوتے چلے گئے۔ یہ فقرہ ضرب المثل کی صورت اختیار کر چکا ہے کہ پاک چین دوستی سمندر سے زیادہ گہری،شہد سے زیادہ میٹھی اور فولاد سے زیادہ مضبوط ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان اور چین کی دوستی کا کلائمکس چین پاکستان اقتصادی راہدرری کا منصوبہ ہے جس سے ترقی اور خوشحالی کے نئے باب شروع ہوں گے اور باہمی دوستی کا رشتہ مزید گہرا،مزید میٹھا اور مضبوط ہوگا۔ سی پیک کے تحت اورنج لائن چلنے کو تیار ہے، ماس ٹرانزٹ منصوبہ لاہور کے شہریوں کو سفر کی عالمی معیار کی سہولت فراہم کرے گا اور یہ منصوبہ گرین جی ڈی پی کا محرک بھی ثابت ہوگا،اس سے اربن ڈویلپمنٹ میں استحکام بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے سابقہ دور کے منصوبوں کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچا کر ایک سیاسی نئی روایات قائم ہے، ماضی کے روایت کے برعکس سیاسی تعصب کا شکار نہیں ہونے دیا جس کی مثال وزیر آباد کا کارڈیالوجی ہسپتال اورپنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کے منصوبے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی تعصب سے بالا تر ہو کر سابقہ حکمرانوں کے چھوڑے ہوئے 1115ارب روپے کے ادھورے منصوبوں پر کام مکمل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو ٹرین کو کامیابی سے چلانے کے لئے آپریشن اور مینٹی ننس کی ٹینڈرنگ میں شفافیت کو یقینی بنایا گیا اور قوم کے اربوں روپے بچائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کورونا کی وجہ سے اقصادی صورتحال اور محدود وسائل کے باوجود اورنج ٹرین چلانے کیلئے تقریباً15ارب روپے کی سبسڈی بھی ادا کرے گی تاکہ عوام کو کم پیسوں میں بہترین سفر کی سہولتیں میسر ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں سی پیک کو کامیابی سے ہمکنار کرانے پر پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جن کی قربانیوں اورشب و روز کی محنت سے سی پیک کے بہت سے منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ 

ٹرین افتتاح

 لاہور (سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے کوئٹہ کے جلسہ پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے ووٹ کو عزت دو کے نام پر آج کوئٹہ میں تماشا لگایا- آج یہاں ایک بیان میں وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ قومی اداروں کو متنازعہ بنا کر پاکستان کو کمزور کرنے کی گھناؤنی سازش کی جا رہی ہے - ادارے ہمارا فخر ہیں اور ہم اداروں کے خلاف ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے - پاک فوج پر قوم کو ناز ہے - انتشار پھیلانے والے اداروں کو متنازعہ بنانے سے باز رہیں -پاکستان تحریک انصاف اداروں کے ساتھ کھڑی ہے - اداروں کو نشانہ بنانے والے اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہو ں گے-الزامات لگانے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں -انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے جنوبی پنجاب کو شناخت دی ہے -مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے جنوبی پنجاب کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا-پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن نے اپنے دور میں جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کے کھوکھلے نعرے لگائے اور عملی طور پر پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے کوئی اقدام نہیں اٹھایا -تحریک انصاف کی حکومت نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بنایا اور اب صوبہ بھی ہم بنائیں گے -انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان کے بارے میں بیان کی سخت مذمت کرتا ہوں -جام کمال قابل احترام وزیر اعلی ہیں، ایسا بیان دینے والوں کو شرم آنی چاہیے-انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بلوچستان کے طلبہ کا مسئلہ فوری حل کیا- ایک خاتون نے اس مسئلے پر بھی سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی کوشش کی -پنجاب حکومت نے بلوچستان میں اربوں روپے کے منصوبے شروع کئے ہیں -صوبائی ہم آہنگی اور بھائی چارے کو پی ڈی ایم اے کے نام نہاد لیڈروں نے سبوتاژ کیا -یہ نہ کل رہنما تھے، نہ آج ہیں اور نہ کل ہوں گے بلکہ یہ رہزنوں کا ٹولہ ہے اور قوم ایسے چور ٹولے کے جھانسے میں کبھی نہیں آئیں گے - 

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -