بھارت، اسرائیل اور پی ڈی ایم ہمارے دشمن، انکے تانے بانے کہیں اور ملتے ہیں: وزراء معاونین 

    بھارت، اسرائیل اور پی ڈی ایم ہمارے دشمن، انکے تانے بانے کہیں اور ملتے ہیں: ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 اسلام آباد،لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا کہ کوئی بھی ناموس رسالتؐ میں گستاخی کرے گا ہم اس کا نوٹس لیں گے اور قانونی قدم بھی اٹھائیں گے تاکہ کوئی اس کی دوبارہ جرات نہ کر سکے۔ بنارسی ٹھگوں کے ٹولے نے کوئٹہ جلسے میں ناموس رسالت کا واجبی سا ذکر کیا جو تقاریر ہوئیں ایسے شخص کی تقریر دکھائی گئی جس نے ہمارے ادارے پر حملہ کیا۔ جس فوج نے دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑی، ہزاروں نوجوان اس جنگ میں شہید ہوئے لیکن اس ملک کو لیبیا اور عراق نہیں بننے دیا۔ نواز شریف نے فوج کے بارے میں غلط باتیں کیں۔ تکون کا تیسرا حصہ نہیں مل رہا تھا آج مل گیا ہے وہ اسرائیل، انڈیا اور پی ڈی ایم ہے۔ بھارت، اسرائیل اور پی ڈی ایم ہمارے دشمن ہیں، اتوار کو پی ڈی ایم جلسے کے ردعمل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ انہوں نے اویس نورانی کو پی ڈی ایم میں شامل کیا جس نے آزاد بلوچستان کا نعرہ لگایا یہ باتیں ہمارے دشمن کرتے ہیں۔ ہم پاکستان کو ان بنارسی چوروں سے آزاد کرائیں گے۔  انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو سے سیاست میں تفریح کا سامان پیدا ہوا ہے۔ بلاول صاحب اپنے ابو سے پوچھیں انہوں نے پیپلز پارٹی کو ایک علاقائی جماعت بنا دیا ہے۔ بتائیں آپ کے والد 35 ملین ڈالر اس ملک سے لوٹ کر کیسے باہر لے کر گئے اور پھر استثنیٰ کے پیچھے چھپے رہے۔شبلی فراز نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ(ن) لیگ کے نیب زدگان اورنج ٹرین کے خودساختہ افتتاح پر دراصل قومی خزانے کی لوٹ مار اور عوامی وسائل کھانے کا جشن منا رہے ہیں، مہنگے منصوبوں کا بوجھ عوام کو اٹھانا پڑتا ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ پی ڈی ایم کاڈرامہ مریم نواز کاخاندانی قبضہ قائم کرنے کیلئے رچایاجارہا ہے، پارٹی صدر کے جیل جانے کے بعد نائب صدر پوری پارٹی کی ملکہ بن چکی ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سیاست کرنا علماء کاکام نہیں اس لئے مولانا فضل الرحمان اللہ،اللہ یا اپنا اصل کام معاشرے کی اصلاح کریں، اپوزیشن تحریک کی لائف لائن جنوری تک ہے، یہ اصل میں سینیٹ کے انتخابات کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، سینیٹ کے انتخابات بھی ہوں گے اور نواز شریف بھی جنوری میں واپس آئیں گے۔ برطانیہ ایف اے ٹی ایف کا رکن ہے اسے چاہیے کہ وہ شریف اور ڈار خاندان سے پوچھے انہوں نے لندن میں اربوں روپے کے اثاثے کیسے بنائے،ن لیگ والے اور پیپلز پارٹی والے چاہتے ہیں کہ جیل بھی نہ جائیں اور قوم کے لوٹے ہوئے پیسے بھی واپس نہ کرنا پڑیں، اگر آپ جیلوں میں نہیں جانا چاہتے تو پلی بارگین کریں اور پیسے واپس کریں، وزیر اعظم عمران خان مہنگائی پر قابو پانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ معاون خصوصی عثمان ڈار نے بلاول زرداری کی ٹائیگر فورس پر تنقید کا رد عمل دیتے ہوئے کہا، جانتے ہیں کہ ٹائیگر فورس بے بی بلاول سمیت اپوزیشن کے اعصاب پر کیوں سوار  ہے؟،ایک طرف قومی خدمت کا جذبہ لئے لاکھوں نوجوانوں کا نظریہ دوسری طرف کرپشن میں لتھڑی سیاست ہے۔  ایک طرف ملکی مفاد مقدم تو دوسری جانب 10 پرسنٹ کا سیاسی ایجنڈا، تکلیف تو ہو گی۔وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے الزام عائد کیا ہے کہ اگر نواز شریف فساد کی جڑ ہے تو مریم نواز ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف باہر بیٹھ کر مریم نواز کے ذریعے انتشار پھیلا رہا ہے۔  شہباز گل نے کہا ہے قوم نواز شریف اور مریم نواز کو مسترد کر چکی ہے۔بابر اعوان نے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ کوئٹہ کی جلسی میں جھنڈے زیادہ، بندے کم تھے۔ اقتدار میں بلوچستان کو نظر انداز کرنے والا مودی کا حاشیہ بردار اور بیانیہ بردار پھر بولا کہ چور کو عزت دو۔بابر اعوان نے کہا کہ چور کو عزت دو موومنٹ کوئٹہ میں بھی پٹ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پانچ سال پورے کرے گی۔
وزراء،معاونین

مزید :

صفحہ اول -