ملک بھر میں کورونا سے مزید 9ہلاکتیں، اسلا م آباد میں سمارٹ لاک ڈاؤن، 10گلیاں سیل، الجزائر کے صدر، میئر استنبول بھی وائرس کا شکار 

ملک بھر میں کورونا سے مزید 9ہلاکتیں، اسلا م آباد میں سمارٹ لاک ڈاؤن، 10گلیاں ...

  

 اسلام آباد،کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) ملک بھر میں کورونا سے مزید نو افراد جاں بحق ہو گئے، وبا سے اموات کی تعداد 6 ہزار 736 ہو گئی، مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 27 ہزار 895 تک جا پہنچی، 310491مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔وزارت قومی صحت نے ہسپتالوں میں کرونا وائرس رسک الانس کی غلط تقسیم پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے غیر متعلقہ اسپتال عملے سے الانس واپس لینے کی ہدایت کردی۔ تفصیلات کے مطابق وزارت قومی صحت نے وفاقی اسپتالوں کی انتظامیہ کے نام مراسلے میں اسپتالوں میں رسک الانس کی غلط تقسیم پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارت صحت نے غیر مستحق عملے سے رسک الانس واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک کے مختلف ایئر پورٹس پر کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے مزید اقدامات کر دیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے جناح انٹرنیشنل، خیبر کے باچا خان اور بلوچستان کے کوئٹہ ایئر پورٹ پر ایک سے زائد وزیٹر پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔چند دن قبل سول ایوی ایشن نے کرونا وائرس کے پھیلا کو روکنے کے لیے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ایک سے زائد وزیٹرز پر پابندی عائد کی تھی۔اسلام آباد میں عالمی وبا کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے باعث مختلف سیکٹرز کی گلیاں بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس ضمن میں  ڈپٹی کمشنر اسلام  آباد حمزہ شفقات کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق دس سیکٹر میں مثبت کیسز آنے پر گلیوں کو سیل کیا جا رہا ہے۔مراسلے کے مطابق ایف الیون تھری کی گلی نمبر 46ایف الیون ٹو کی گلی نمبر 22،آئی ایٹ 2گلی نمبر 58آئی ایٹ 3گلی نمبر 57اور آئی ایٹ فور گلی نمبر 91 آئی ٹین ٹو گلی نمبر 12 جی الیون ٹو گلی نمبر 33اور جی سکس ٹو گلی نمبر 35کو بھی سیل کر دیا گیا جبکہ، دو نجی ہاؤسنگ سوسائٹیزکی مختلف گلیاں بھی کورونا پھیلاؤ کے باعث سیل کر دی گئیں ، میڈیا ٹاؤن بلاک ڈی کی گلی نمبر 10اور پاکستان ٹاؤن فیز ون کی گلی نمبر 30کی متاثرہ گلیوں کو بھی سوموار کی رات سیل کر دیا گیا ہے۔

کرونا ہلاکتیں 

بیجنگ، بارسلونا،الجیریا،استنبول،واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں)جانز ہوپکنز یونیورسٹی کے سسٹمز سائنس وانجینئرنگ کے مرکز نے دنیا بھر میں نوول کرونا وائرس سے زیادہ متاثرہ ممالک میں مصدقہ کیسز کے تازہ ترین اعدادوشمار جاری کئے ہیں۔پوری دنیا میں نوول کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد  4کروڑ25لاکھ 62ہزار830تک پہنچ گئی ہے، امریکہ 8575177 مصدقہ کیسز کے ساتھ سرفہرست ہے، جبکہ بھارت78لاکھ14ہزار682مصدقہ کیسز کے ساتھ  دوسرے اوربرازیل5380635مصدقہ کیسز کیساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔سپین میں کرونا وائرس کی وبا کی صورت حال ایک بار پھر تشویش ناک ہو گئی ہے، 3 صوبے کرونا کے آگے بے بس ہو گئے ہیں، وزیر اعظم سے ایمرجنسی کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ الجزائر کے صدر دفتر نے بتایاہے کہ ملک کے صدر عبدالمجید تبون کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد رضاکار طور پر پانچ دنوں کے لیے قرنطینہ میں چلے گئے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایک ٹویٹر پیغام کے ذریعے انھوں نے اہل وطن کو بتایا کہ وہ خیریت سے ہیں اور قرنطینہ کے مقام سے کام جاری رکھیں گے۔ترکی کے سب سے بڑے شہر استنبول کے میئر اکرم امام اوغلو کرونا وائرس کا شکار ہوگئے جس کے بعد انھیں اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔امریکی نائب صدر مائیک پینس کے چیف آف اسٹاف کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے پر مارک شارٹ نے تنہائی اختیار کرلی ہے۔ترجمان نے بتایا کہ امریکی نائب صدر مائیک پینس اور ان کی اہلیہ کا بھی کورونا وائرس ٹیسٹ کیا گیا جس کے نتائج منفی آئے ہیں۔

کرونا وائرس

مزید :

صفحہ اول -