دنیا بھر میں کشمیری بھارت کیخلاف کل یوم سیاہ منائینگے، سرینگر میں پوسٹر آویزاں 

  دنیا بھر میں کشمیری بھارت کیخلاف کل یوم سیاہ منائینگے، سرینگر میں پوسٹر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 سرینگر(این این آئی)کنٹرول لائن کے دونوں اطراف اور دنیابھر میں مقیم کشمیری 27اکتوبر کو کشمیر پر غیر قانونی بھارتی قبضے کیخلاف یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے۔یوم سیاہ منانے کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس، میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم اور دیگر آزادی پسند تنظیموں نے دی ہے۔بھارت نے 27اکتوبر1947ء کو تقسیم برصغیر کے فارمولے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اور کشمیریوں کی خواہشات کے برعکس جموں وکشمیرمیں اپنی فوجیں اتارکر اس پر ناجائز قبضہ کیاتھا۔ حریت فورم نے سرینگر سے جاری بیان میں کہا کہ اکتوبر 1947سے اب تک لاکھوں بھارتی فوجیوں نے جموں وکشمیر پر غیر قانونی طور پر قبضہ جما رکھا ہے۔27 اکتوبر کو بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں مظا ہر وں اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائیگا تاکہ عالمی برادری کی توجہ تصفیہ طلب تنازع کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں رہنے والے لوگوں کی مشکلات کی طرف دلائی جاسکے۔ دریں اثنا سرینگر اور دیگر علا قوں میں مسلسل چسپاں کیے جانے والے پوسٹروں میں لوگوں سے اپیل کی جارہی ہے کہ وہ جموں وکشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کیلئے منگل کو مکمل ہڑتال کریں۔ضلع پلوامہ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا ایک سابق مجاہد دس روز بعد اتوار کو سرینگر کے ایک ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ مقتول تنویر احمد صوفی پر 15 اکتوبر کو جان لیوا حملہ کیاگیاتھا۔ سینئر حریت رہنما غلام محمد خان سوپوری اور جموں و کشمیر یوتھ سوشل فورم کے ارکان پر مشتمل وفود نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں حالیہ دنوں کے دوران سرینگر، پلوامہ اور اسلام آباد میں شہید ہونے والے نوجوانوں کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کیا۔ بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی سے وابستہ غنڈ وں نے محبوبہ مفتی کی زیر قیادت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے جموں کے دفتر میں گھس کر اس کے عہدیداروں کو تشددکانشانہ بنایا۔ یہ حملہ پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی کی طرف سے بھا رتی پرچم لہرانے سے انکار کے بعد کیا گیا۔غیرقانونی طورپربھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں کے خلاف جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں کشمیری برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر مقررین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیاکہ وہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلائے۔
یوم سیاہ

مزید :

صفحہ اول -