ملک اس وقت بحرانی صورتحال کا شکار،نااہل حکمران مسلط ہیں،شاہی سید
کراچی(اسٹاف رپورٹر)عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدرشاہی سید نے کہاہے کہ ملک اس وقت بحرانی صورتحال کا شکار ہے،مہنگائی اور بیروزگاری نے لوگوں کا جینا مشکل کردیا ہے،عوام آئے دن خودکشیوں پر مجبور ہورہے ہیں،بجلی اور گیس کی قیمتوں میں ہر دوسرے دن ہوشربا اضافہ ہورہا ہے،ملک پر نااہل حکمران مسلط ہیں،جنکی نااہلیوں کی وجہ سے تمام ادارے تباہ ہورہے ہیں،ملکی معیشت روز بروز زوال کی طرف گامزن ہے جبکہ غیر سنجیدہ اور نااہل حکمران دوسروں کی کردار کشیوں میں مصروف ہیں،اب وقت آگیا ہے کہ ان نااہل حکمرانوں سے عوام کو چھٹکارہ دلایا جائے،پاکستان کی بقا کی خاطر ان نااہل حکمرانوں کو گھر بھیجنا ہوگا۔اتوارکوعوامی نیشنل پارٹی ضلع غربی کے تحت سلطان آباد میں عظیم الشان ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔شاہی سید نے کہاکہ وزیر اعلی گورنر، آئی جی سمیت تمام اعلی حکام دیکھ لیں کہ یہ ہمارے ایک ضلع کا کنونشن ہے،ہمیں بوگس الیکشن کے زریعے پارلیمینٹ سے تو باہر کیا جاسکتا ہے،لیکن ہمیں سیاست سے کوئی بے دخل نہیں کرسکتا ہے،عوامی نیشنل پارٹی جیسے مخلص اور نظریاتی کارکن پاکستان کی کسی بھی سیاسی جماعت کے پاس نہیں ہیں۔جس طرح اے این پی کے کارکنوں جیسے کارکن دوسری پارٹیوں کے پاس نہیں اسی طرح اے این پی کی قیادت جیسی صاف اور ایماندار قیادت بھی کسی پارٹی کے پاس نہیں ہے۔موجودہ صوبائی اور وفاقی حکومتیں کراچی شہر کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہوگئی ہیں۔بلدیاتی حکمرانوں نے پورے عرصے میں صرف پروٹوکول کو انجوائے کیا. مدت پوری ہونے کے بعد میئر کراچی عوام کے سامنے مگر مچھ کے آنسو بہا کر چلے گئے۔کراچی کے شہریوں سے درخواست کرتا ہوں کہ آپنے مسائل کے حل کے لیئے مستقبل میں ان جعلی تبدیلی کے خواب دکھانے والے اور مگر مچھ کے آنسوں بہانے والے حکمرانوں سے دور رہے۔آئندہ انتخابات میں کراچی کے باشعور شہری آپنے نمائندوں کے انتخاب میں اس شہر کے مسائل اور انکے حل کو سامنے رکھتے ہوئے آپنے نمائندوں کا انتخاب کرے۔کنونشن سے اے این پی سندھ کے قائم مقام جنرل سیکرٹری ثمردین خٹک، مرکزی نائب صدر شازیہ رزاق مروت اور ضلع غربی کے صدر ارشد سہیل سمیت دیگر ضلعی اور صوباء قائدین نے بھی خطاب کیا.