کراچی، 2 مبینہ پولیس مقابلے، 3 ڈاکوزخمی حالت میں گرفتار،

کراچی، 2 مبینہ پولیس مقابلے، 3 ڈاکوزخمی حالت میں گرفتار،

  

کراچی(کرائم رپورٹر)کراچی کے علاقے پیر آباد اور گلشنِ اقبال میں مبینہ پولیس مقابلوں میں 3 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق پیر آباد کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار 3 ملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر کے فرار ہونے کی کوشش کی۔پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم محمد نواب کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیاجبکہ 2 ملزمان شہزاد اور ارشد فرار ہو نے میں کامیاب ہوگئے۔گرفتار ہونے والے زخمی ملزم کے قبضے سے ایک پسٹل اور ایک موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے۔ادھر گلشنِ اقبال کے بلاک 7 میں مبینہ پولیس مقابلے کے بعد 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق گلشن اقبال بلاک 7 سے متصل یونیورسٹی روڈ پر پولیس نے ناکہ لگایا جس کے دوران موٹر سائیکل سوار کو رکنے کا اشارہ کیا۔موٹر سائیکل پر سوار افراد نے اسنیپ چیکنگ دیکھ کر اہلکاروں پر فائرنگ کی، جس پر پولیس کے جوانوں نے جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار زخمی ہوگئے۔زخمی ہونے والے افرادکی جب تلاشی لی گئی تو ان کے پاس سے اسلحہ، نقدی، موبائل فون اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی، دونوں ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔گرفتار ملزم کی شناخت عرفان اور شیر علی کے ناموں سے ہوئی ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -