ملک میں کورونا سے مزید 9اموات، اسلام آباد میں سمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ، الجزائر کے صدر میئر استنبول وائرس کا شکار 

    ملک میں کورونا سے مزید 9اموات، اسلام آباد میں سمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ، ...

  

 اسلام آباد،کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) ملک بھر میں کورونا سے مزید نو افراد جاں بحق ہو گئے، وبا سے اموات کی تعداد 6 ہزار 736 ہو گئی، مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 27 ہزار 895 تک جا پہنچی، 310491مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔وزارت قومی صحت نے ہسپتالوں میں کرونا وائرس رسک الانس کی غلط تقسیم پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے غیر متعلقہ اسپتال عملے سے الانس واپس لینے کی ہدایت کردی۔ تفصیلات کے مطابق وزارت قومی صحت نے وفاقی اسپتالوں کی انتظامیہ کے نام مراسلے میں اسپتالوں میں رسک الانس کی غلط تقسیم پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارت صحت نے غیر مستحق عملے سے رسک الانس واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک کے مختلف ایئر پورٹس پر کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے مزید اقدامات کر دیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے جناح انٹرنیشنل، خیبر کے باچا خان اور بلوچستان کے کوئٹہ ایئر پورٹ پر ایک سے زائد وزیٹر پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔چند دن قبل سول ایوی ایشن نے کرونا وائرس کے پھیلا کو روکنے کے لیے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ایک سے زائد وزیٹرز پر پابندی عائد کی تھی۔اسلام آباد میں عالمی وبا کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے باعث مختلف سیکٹرز کی گلیاں بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس ضمن میں  ڈپٹی کمشنر اسلام  آباد حمزہ شفقات کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق دس سیکٹر میں مثبت کیسز آنے پر گلیوں کو سیل کیا جا رہا ہے۔سیکٹر ایف الیون تھری میں سٹریٹ 46،  سیکٹر 2 میں سٹریٹ 23،  سیکٹر آئی ایٹ 2 میں سٹریٹ 58 اور سیکٹر تھری میں سٹریٹ 57 جب کہ سیکٹر آئی ایٹ 4 میں سٹریٹ نمبر 91 اور سیکٹر 4 میں سٹریٹ 91 کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ  میڈیا ٹاؤن بلاک ڈی میں کیس مثبت آنے پر سٹریٹ نمبر 10 جب کہ سیکٹر جی الیون 2 میں سٹریٹ 33 اور جی سکس 2 میں سٹریٹ 35 کو سیل کیا جا رہا ہے۔نوٹی فکیشن کے مطابق پاکستان ٹاؤن میں کورونا کیسز سامنے آنے پر سٹریٹ نمبر 30 کو سیل کیا جا رہا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا ہے کہ گلیوں کو کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سیل کیا جا رہا ہے۔

کرونا ہلاکتیں 

بیجنگ، بارسلونا،الجیریا،استنبول،واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں)جانز ہوپکنز یونیورسٹی کے سسٹمز سائنس وانجینئرنگ کے مرکز نے دنیا بھر میں نوول کرونا وائرس سے زیادہ متاثرہ ممالک میں مصدقہ کیسز کے تازہ ترین اعدادوشمار جاری کئے ہیں۔پوری دنیا میں نوول کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد  4کروڑ25لاکھ 62ہزار830تک پہنچ گئی ہے، امریکہ 8575177 مصدقہ کیسز کے ساتھ سرفہرست ہے، جبکہ بھارت78لاکھ14ہزار682مصدقہ کیسز کے ساتھ  دوسرے اوربرازیل5380635مصدقہ کیسز کیساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔سپین میں کرونا وائرس کی وبا کی صورت حال ایک بار پھر تشویش ناک ہو گئی ہے، 3 صوبے کرونا کے آگے بے بس ہو گئے ہیں، وزیر اعظم سے ایمرجنسی کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ الجزائر کے صدر دفتر نے بتایاہے کہ ملک کے صدر عبدالمجید تبون کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد رضاکار طور پر پانچ دنوں کے لیے قرنطینہ میں چلے گئے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایک ٹویٹر پیغام کے ذریعے انھوں نے اہل وطن کو بتایا کہ وہ خیریت سے ہیں اور قرنطینہ کے مقام سے کام جاری رکھیں گے۔ترکی کے سب سے بڑے شہر استنبول کے میئر اکرم امام اوغلو کرونا وائرس کا شکار ہوگئے جس کے بعد انھیں اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔امریکی نائب صدر مائیک پینس کے چیف آف اسٹاف کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے پر مارک شارٹ نے تنہائی اختیار کرلی ہے۔ترجمان نے بتایا کہ امریکی نائب صدر مائیک پینس اور ان کی اہلیہ کا بھی کورونا وائرس ٹیسٹ کیا گیا جس کے نتائج منفی آئے ہیں۔

کرونا وائرس

مزید :

صفحہ اول -