برطانیہ شریف اورڈار خاندان سے پوچھے اربوں ڈالر کہاں سے آئے: فواد چودھری 

برطانیہ شریف اورڈار خاندان سے پوچھے اربوں ڈالر کہاں سے آئے: فواد چودھری 

  

 لاہور(این این آئی)وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سیاست کرنا علماء کاکام نہیں اس لئے مولانا فضل الرحمان اللہ،اللہ یا اپنا اصل کام معاشرے کی اصلاح کریں، اپوزیشن تحریک کی لائف لائن جنوری تک ہے، یہ اصل میں سینیٹ کے انتخابات کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، سینیٹ کے انتخابات بھی ہوں گے اور نواز شریف بھی جنوری میں واپس آئیں گے۔ برطانیہ ایف اے ٹی ایف کا رکن ہے اسے چاہیے کہ وہ شریف اور ڈار خاندان سے پوچھے انہوں نے لندن میں اربوں روپے کے اثاثے کیسے بنائے،ن لیگ والے اور پیپلز پارٹی والے چاہتے ہیں کہ جیل بھی نہ جائیں اور قوم کے لوٹے ہوئے پیسے بھی واپس نہ کرنا پڑیں، اگر آپ جیلوں میں نہیں جانا چاہتے تو پلی بارگین کریں اور پیسے واپس کریں، وزیر اعظم عمران خان مہنگائی پر قابو پانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ کیا حسن اور حسین نواز بل گیٹس یا مارک زکربرگ ہیں جن کے پاس اربوں ڈالر آ گئے، دونوں بھائیوں نے تو زندگی میں کوئی کام ہی نہیں کیا، پی ڈی ایم کے جلسوں کا مقصد صرف اور صرف مقدمات ختم کرانا ہے۔ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں بظاہر ایک لیکن اندر سے ان کے اپنے اپنے مفادات ہیں، ن لیگ اور جے یو آئی (ف) چاہتی ہے کہ سسٹم ختم ہو جائے جبکہ پیپلز پارٹی کی مختلف سوچ ہے کیونکہ وہ اس وقت سندھ حکومت کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ والے کہتے ہیں کہ برطانیہ نواز شریف کو واپس نہیں کرے گا، بتایا جائے ان کے برطانیہ سے کیا تعلقات ہیں، نواز شریف تو وزٹ ویزے پر برطانیہ گئے ہیں پھر وہ کیوں انہیں رکھے گا۔ برطانیہ ایف اے ٹی ایف کا رکن ہے اور اس نے پاکستان پر منی لانڈرنگ کے قانون کے لئے دباؤ ڈالا۔ وہ شریف اور ڈار خاندان سے پوچھے ان کے پاس اربوں روپے کس ذرائع سے آئے ہیں جن سے لندن میں جائیدادیں خریدی گئی ہیں۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ برطانیہ اس حوالے سے نواز شریف اور اسحاق ڈار کے خاندان سے پوچھ گچھ کرے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو سیاست کا چسکا لگ گیا ہے۔مولا نا فضل الرحمان مدرسوں کے بچوں کو اپنی سیاست کا چارہ نہ بنائیں، ان کا کام معاشرے کو علم و عقل کی راہ پر ڈالنا ہے۔جلسے جلوس والے چاہتے ہیں کسی طریقے سے ریلیف دیا جائے لیکن وزیر اعظم عمران خان انہیں کرپشن کے مقدمات میں ریلیف نہیں دیں گے۔علاوہ ازیں اپنی ایک ٹوئٹ میں فواد چوہدری نے کہا کہ فرانس کے ناسمجھ شدت پسندوں کو دنیا کا امن عزیز نہیں اور وہ ناقابل قبول حرکتیں کررہے ہیں۔ محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کا احترام انسانیت کا احترام ہے،حرمت رسول ہمارے ایمان کا حصہ ہے، اس کو اچھی طرح سمجھ لیں اور یہ بھی سمجھ لیا جائے کہ دنیا کا امن ایک دوسرے کے عقائد کو مان کر اور سمجھ کرچلنے سے وابستہ ہے۔

فواد چوہدری 

مزید :

صفحہ اول -