”میں نے قتل کی دھمکی ملنے پر کپتانی چھوڑی“ پاکستان فٹ بال ٹیم کے کپتان کلیم اللہ نے تہلکہ خیز انکشاف کر دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان فٹ بال ٹیم کے کپتان کلیم اللہ نے انکشاف کیا ہے کہ مجھے فٹ بالرز کو سہولیات دینے کا مطالبہ کرنے پر آفیشل نے قتل کرنے کی دھمکی دی۔
تفصیلات کے مطابق سابق کپتان قومی فٹ بال ٹیم نے کہا کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) پاکستان میں انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو دھوبی سمجھتی ہے، آفیشل کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکی ملی تو پاکستان کی کپتانی بھی چھوڑ دی۔
نجی خبر رساں ادارے سماءنیوز کے مطابق کلیم اللہ خان نے کہا کہ ہمیں انٹرنیشنل میچز کے بعد اپنی شرٹس اور جرابیں خود دھونا پڑتی ہیں، فیڈریشن آفیشلز کو لاکھوں ملتے ہیں ہمیں 400روپے روانہ کی بنیاد پر ملتے ہیں۔
کلیم اللہ نے مزید کہا کہ پاکستان میں فٹ بال کا یہی کلچر رہا تو ہم کبھی ٹاپ 100 میں نہیں آ سکتے، فٹ بال میں ترقی کیلئے کلچر بدلنا ہو گا۔ انہوں نے کراچی میں فٹ بال اکیڈمی کھولنے کا اعلان بھی کیا ہے۔