نیب کی تحویل میں شہبازشریف سے لیگی رہنماﺅں کی ’خفیہ‘ملاقات،شیخ رشید نے تصدیق کر دی
راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیرریلوے شیخ رشید نے نیب کی تحویل میں شہبازشریف سے خواجہ آصف، احسن اقبال اور رانا تنویر کی ہونے والی ’خفیہ‘ملاقات کی تصدیق کر دی ۔ انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں مسائل نزدیک سے ہی ختم ہوجائیں ، دور گئے تو کام خراب ہوجائے گا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ ‘میں گفتگو کرتے ہوئے وزیرریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ مذاکرات کے دروزے کبھی بند نہیں ہوتے، عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن کے ساتھ مشاورت ہوسکتی ہے لیکن کیسز پر بات نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی تقریر کے بعد ن لیگ میں مایوسی پھل چکی ہے، اپوزیشن کو اگر کسی سے خطرہ ہے تووہ نوازشریف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ باتیں صرف وہی لوگ کررہے ہیں جو نیب کے کیسز میں مطلوب ہیں۔
احسن اقبال ، خواجہ آصف اور رانا تنویر کی نیب کی تحویل میں شہبازشریف کے ساتھ خفیہ ملاقات کے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ خبر درست ہے لیکن میں اس پر بات نہیں کرناچاہتا۔ میں ایسے مسائل نہیں پیداکرنا چاہتا، ہم بات کو یہیں ختم کرنا چاہتے ہیں، اگر دور گئی تو پھر کام خراب ہوجائے گا اور واپسی ناممکن ہوجائے گی۔