کاروان تحریک کی ڈبلیو ایس ایس پی کو تعاون کی یقین دہانی

  کاروان تحریک کی ڈبلیو ایس ایس پی کو تعاون کی یقین دہانی

  

پشاور(سٹی رپورٹر) کاروان تحریک نے واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) کو کوڑا کرکٹ کو محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے اور پانی کا بہتر استعمال یقینی بنانے کے لئے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ تاجروں کے تعاون سے یونیورسٹی روڈ پر ایک روڈ کو صفائی کے حوالے سے ماڈل بنایا جائے گا۔ اس حوالے سے خالد ایوب،محمد ہارون صابر، منصور احمد، جاوید خان ایڈوکیٹ، لالہ نور محمد، تاجر اتحاد کے چیئرمین اعجاز علی شاہ،امین حسین بابر اور انجینئر گل بہادر یوسفزئی پر مشتمل وفد نے ڈبلیو ایس ایس پی کے جی ایم پی ایم ای آر سید ضمیر الحسن اور منیجر سی ایل سی محمد اسماعیل سے ملاقات کی اس موقع پر صفائی، پانی کا ضیاع روکنے اور پانی بلوں کی ادائیگی کے معاملات سمیت دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔ تاجروں کے وفد نے ڈبلیو ایس ایس پی کے ساتھ ہر قسم تعاون پر رضا مندی ظاہر کی۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ تاجر دکانداروں کے لئے واٹر ٹیرف، کوڑا کرکٹ کو سائنسی طریقے سے تلف کرنے اور شہری خدمات کی بروقت فراہمی اور شہری خدمات کے لئے جدید تکنیک استعمال کرنے میں باہمی تعاون کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں استعمال کے بعد پانی کے بوتل جگہ جگہ پھینکنے کے عمل کی روک تھام کے لئے حکمت عملی وضع کی جائے گی اس حوالے سے بوتل کا پانی استعمال کرنے والوں اور کارخانہ داروں میں شعور اجاگر کیا جائے گا۔ ڈبلیو ایس ایس پی کے جی ایم پی ایم ای آرضمیر الحسن نے تاجروں کے تعاون کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ ادارے، تاجر اور عوام کے باہمی تعاون سے ہی مطلوبہ اہداف حاصل کئے جاسکیں گے انہوں نے امید ظاہر کی کہ تاجروں کے تعاون سے صفائی اور پانی کا ضرورت کے مطابق استعمال یقینی بنایا جائے گا۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -