کوہاٹ سے منشیات کی سمگلنگ ناکام، 1گرفتار، 75کلو چرس برآمد

  کوہاٹ سے منشیات کی سمگلنگ ناکام، 1گرفتار، 75کلو چرس برآمد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


        کوھاٹ (بیورو رپورٹ) کوہاٹ پولیس نے 75کلو گرام چرس سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی ہے۔انڈس ہائی وے پر کارروائی میں موٹر کار کے خفیہ خانوں سے منشیات برآمد کرکے قبائلی ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے بین الصوبائی سمگلر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔پکڑی گئی لاکھوں مالیت کی چرس خیبرسے کراچی سمگل کی جارہی تھی۔زیر حراست منشیات سمگلر کے خلاف تھانہ جرما میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جس نے دوران تفتیش اعتراف جرم کرلیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق ڈی پی او کوہاٹ سہیل خالد کی وضع کرہ پالیسی کے تحت منشیات کی سپلائی لائن بند کرنے کے حوالے سے ضلع بھر میں جاری خصوصی انسداد منشیات مہم کے سلسلے میں ایس ایچ او تھانہ محمدریاض شہید جمشید علی نے پولیس نفری کے ہمراہ کوہاٹ انڈس ہائی وے پر ٹنل ٹول پلازہ کے قریب پولیس چیک پوسٹ میں ناکہ بندی کرکے گاڑیوں کی چیکنگ شروع کررکھی تھی کہ اس اثناء میں پشاور کی طرف سے آنیوالی ایک مشکوک موٹر کارنمبر اسلام آبادND-758 کو تلاشی کی غرض سے روک لیا گیا۔پولیس نے تلاشی کے دوران موٹر کار کے خفیہ خانوں سے مجموعی طور پر 75کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کرکے گاڑی میں سوار منشیات کے بین الصوبائی سمگلر محمد کاشف شاہ ولد معرفت شاہ سکنہ کوکی خیل جمرود ضلع خیبر کو گرفتار کرلیا۔پولیس نے لاکھوں مالیت کی چرس سمیت حراست میں لئے گئے مبینہ سمگلر کو فوری طور پر تھانہ محمد ریاض شہید منتقل کردیا جہاں اسکے خلاف منشیات سمگل کرنے کے جرم میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔پکڑی گئی چرس قبائلی ضلع خیبر سے کراچی سمگل کی جارہی تھی جسکا زیر حراست ملزم نے اعتراف جرم بھی کرلیا ہے۔گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران منشیات سمگلروں کے خلاف کوہاٹ پولیس کی یہ دوسری بڑی کارروائی ہے قبل ازیں ایک کارروائی میں جرما پولیس نے موٹر کار سے 52کلوگرام چرس برآمد کرکے دو سمگلروں کو حراست میں لیا تھا۔پولیس نے پکڑے گئے منشیات سمگلروں سے انکے نیٹ ورک کے بارے میں بھی تفتیش شروع کردی ہے اور دوران انٹاروگیشن ان سے مزید اہم انکشافات کی توقع کی جارہی ہے۔