وزیراعلیٰ محمود خان 7 نومبر کو رونگ روڈ پر جلسہ سے خطاب کرینگے

  وزیراعلیٰ محمود خان 7 نومبر کو رونگ روڈ پر جلسہ سے خطاب کرینگے

  

پشاور(نیوزرپورٹر)ڈپٹی سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی محمود جان نے پشاور رنگ روڈ پر پاکستان تحریک انصاف کے ہونے والے 7نومبر 2021 بوقت 12:00 بجے دوپہرکے عظیم الشان جلسے کیلئے حکمت عملی مرتب کر لی ہے جس میں  وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان خطاب کریں گے  اور پشاور کیلئے مثالی میگا پراجیکٹس کا اعلان کیا جائیگا انہوں نے کہا کہ جلسے کی کامیابی سے  اپوزیشن کے بلند و بام دعوؤں کی کلئی کھل جائے گی اور انہیں مایوسی کے علاوہ کچھ وصول نہ ہوگا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ متذکرہ جلسہ پشاور کی ترقی کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا کیونکہ ان ترقیاتی منصوبوں سے پشاور کو ترقی کی جانب نہ صرف گامزن کیا جائیگا بلکہ عوام کو مزید خوشحالی کے علاوہ ایک بڑا ریلیف بھی میسر آئیگا۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ ماضی میں پی ٹی آئی کے جلسوں نے مخالفین کی نیندیں پہلے ہی حرام کردی ہیں اور حالیہ ہونے والا جلسہ سیاسی طور پر مخالفین کے ارادوں کو خاک میں ملا دے گااور عوام میں ان کو اپنی مقبولیت کا اندازہ ہوجائیگا۔ ڈپٹی سپیکر محمود جان نے کہا کہ عوام باشعور ہیں اور وہ اپوزیشن کے بھکاؤے میں نہیں آئینگے کیونکہ موجودہ سنگین حالات کی مکمل ذمہ داری ماضی کی حکومتوں پر عائد ہوتی ہے کہ انہوں نے ماضی میں اس ملک کو  کس بے دردی سے لوٹا ہے انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان تحریک انصاف عوام کی مقبول ترین جماعت ہے اور عوام نے جس طرح گزشتہ انتخابات میں پی ٹی آئی کو کامیاب کیا تو انشا اللہ آئندہ بھی عوام پی ٹی آئی کا ہی بھر پور ساتھ دیں گے اور فصلی بٹیروں کو ایک بار پھر منہ کی کھانی پڑے گی۔انہوں نے تمام پاکستان تحریک انصاف کے ورکروں سے اپیل کی کہ وہ جلسے کی کامیابی کیلئے اپنی شرکت یقینی بنائیں تاکہ اپوزیشن کو پی ٹی آئی کی طاقت کا بھر پور اندازہ ہوسکے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -