تاجروں کے مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں‘ سجاد علی 

  تاجروں کے مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں‘ سجاد علی 

  

پشاو(سٹی رپورٹر) مہمند چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری صدر سجادعلی اور سینئر نائب صدر نورہادگل کی قیادت میں چیمبرکے ایگزیکٹیوکمیٹی وفد نے کلکٹر کسٹم آپریزمنٹ امجدالرحمان سے ایکسپورٹرز کے مسائل ومشکلات کے حل کے لئے ملاقات کی ۔ ملاقات میں مہمند چیمبرصدر سجادعلی نے بتایاکہ مہمند چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری ضم اضلاع میں صنعتی ومعاشی ترقی کے ساتھ ایکسپورٹر ز و امپورٹرز کے مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہے اور بارڈرسٹیشن پر کسٹم، ایف بی آر سمیت دیگر محکموں اور بزنس کمیونٹی کے درمیان پل کا کردار ادا کررہاہے۔انہوں نے کہاکہ طورخم یا دیگر بارڈسٹیشن پر امپورٹڈ مال کی کلیئرنس اور کسٹم جمع کرنے کے باوجود بازاریا سڑکوں پر کسٹم اہلکار دستاویزات کے باوجود مال لے جانے پرتنگ کررہے ہیں اورجب ایک شہر سے دوسرے شہر یا بازار مال لے جاتے ہیں توکسٹم اہلکار بزنس کمیونٹی کو تنگ کرتے ہیں جس سے بزنس کمیونٹی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتاہے۔انہوں نے کہاکہ امپورٹڈ مال کی کلیئرنس کیلئے ٹائم فریم مقرر کیا جائے کیونکہ کسٹم عملہ کی کمی کی وجہ سے ایک کنٹینر یا گاڑی کلیئرنس میں بعض اوقات ہفتے لگ جاتے ہیں جس کی وجہ سے بزنس کمیونٹی کو اذیت سے گزرنا پڑتاہے جس پرکسٹم کلکٹرآپریزمنٹ امجدالرحمان نے ایکسپورٹرز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے پاک افغان باہمی تجارت بڑھانے کے اقدامات سے وفد کو آگاہ کیا جبکہ کسٹم کی طرف سے ایکسپورٹ بڑھانے میں ایکسپورٹرز کو سہولیات دینے کی یقین دہانی کرائی۔ امجدالرحمان کی بزنس کمیونٹی کیلئے خدمات پر مہمند چیمبرنے انھیں گلدستہ پیش کیا اور ایکسپورٹ فرینڈلی کردار پر انھیں خراج تحسین پیش کیا۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -