حکمرانوں کے پاس ملک کی کشتی کو بھنور سے نکالنے کیلئے کوئی لائحہ عمل نہیں: سراج الحق 

  حکمرانوں کے پاس ملک کی کشتی کو بھنور سے نکالنے کیلئے کوئی لائحہ عمل نہیں: ...

  

لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج ا لحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی پالیسیاں عوام اور ملک کے لیے تباہ کن، تین برسوں میں پاکستان دہائیاں پیچھے چلا گیا۔ پی ٹی آئی کی حکومت نااہل ہے۔ ثابت ہو گیا کہ حکمرانوں کے پاس ملک کی کشتی کو بھنور سے نکالنے کے لیے کوئی لائحہ عمل نہیں ہے۔ مہنگائی اور بے روزگاری گھر گھر ناچ رہی ہے۔ پہلے سے کمزور معیشت تین برسوں میں تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی۔ آٹا، چینی، دالوں اور گھی کی قیمت عام آدمی کی پہنچ سے دور ہیں۔ بھوک سے تنگ لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔ پڑھے لکھے نوجوان ڈگریاں اٹھائے مزدوری کی تلاش میں چوکوں چوراہوں میں بیٹھے ہیں۔ ملک پر عملاً آئی ایم ایف کی حکومت قائم ہو چکی ہے۔ سودی معیشت اور سرمایہ دارانہ نظام نے ہمارا سب کچھ تباہ کر دیا۔ کرپٹ اور فرسودہ نظام سے چھٹکارہ کے لیے عوام کو جماعت اسلامی کا ساتھ دینا ہو گا۔ چترال سے لے کر کراچی تک لوگ مہنگائی، بدامنی اور بے روزگاری سے تنگ ہیں۔ پاکستان کے مسائل کا حل اسلامی جمہوری نظام میں ہے۔ ملک میں شفاف انتخابات ہونے چاہیں۔ جمہوریت، پارلیمنٹ، عدلیہ اور نظام تعلیم کو قرآن و سنت کے تابع کرنا چاہتے ہیں۔ اسلام آئے گا، تو خوشحالی اور ترقی آئے گی۔ قوم آزمائے ہوئے لوگوں کو مسترد کرے اور جماعت اسلامی کو موقع دے۔ وعدہ کرتا ہوں اللہ کی مدد و نصرت اور عوام کے ساتھ سے پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کا گہوارہ بنائیں گے۔ ان خیالات انھوں نے سوات میں ورکرز کنونشن، ویلج کونسل، نیبرہڈ کونسل کے امراکی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی نے 31اکتوبر کو اسلام آباد میں ہونے والے بے روزگاری مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں مختلف پروگراموں میں شرکت کی اور کارکنان جماعت اسلامی کو ہدایات دیں کہ وہ جماعت اسلامی کا منشور گھر گھر پہنچائیں اور لوگوں کو قائل کریں کہ وہ ملک میں اسلامی انقلاب کے لیے متحد ہو کر ہمارا ساتھ دیں۔انہوں نے کہا پاکستان ہی نہیں پوری انسانیت کی نجات دین اسلام میں ہے۔

سراج ا لحق

مزید :

صفحہ آخر -