تھانہ لیاقت آبادکی حوالات سے 2ڈکیت فرار، ہیڈ محرر،سنتری معطل
لاہور(کر ائم رپو رٹر)تھانہ لیاقت آباد کی حوالات سے ڈکیتی کے سنگین مقدمات میں ملوث گرفتار دو ملزمان حوالات توڑ کر فرار ہوگئے۔ سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے ملزمان کی تھانے کے حوالات سے فرارگی کا نوٹس لیتے ہوتے تھانے کے ہیڈ محرر اور سنتری کو ملازمت سے معطل کر کے دونوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ تھانہ لیاقت آباد انویسٹی گیشن پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے دونوں ملزمان نوید اور بابر تھانے کی حوالات کی دیوار توڑ کر اتوار کی شب 8 بجے اس وقت فرار ہوئے جب تھانے کا تمام عملہ تھانے کے اندر ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے پاک بھارت میچ دیکھ رہا تھا۔ اسی دوران دونوں ملزمان نے حوالات کے روشن دان سے دیوار توڑی اور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واقع کی اطلاع ملتے ہی سی سی پی او لاہور جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور انہوں نے معاملے کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے جائے وقوعہ کا جائزہ لیا اور دونوں ذمہ دار پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جبکہ سی سی پی او لاہور نے فرار ہونے والے دونوں ملزمان کی دوبارہ گرفتاری کے لئے سی آئی اے پولیس کو ٹاسک سونپ دیا ہے۔
ڈکیت فرار