حادثہ، سیکرٹری ایجوکیشن کا فوری نوٹس، سکول پرنسپل، ٹیچر معطل

حادثہ، سیکرٹری ایجوکیشن کا فوری نوٹس، سکول پرنسپل، ٹیچر معطل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 ملتان (  وقائع نگار) سیکرٹری سکولز ایجوکیشن ساوتھ پنجاب ڈاکٹر احتشام انور نے گورنمنٹ گرلز مسلم ہائی سکول پل موج دریا میں کار حادثہ میں طالبہ کے جاں بحق ہونے کے افسوسناک واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سکول کی پرنسپل ماہ طلعت اور ٹیچر اقراجمشید کو معطل کردیا ہے اور ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشنز سیکنڈری ایجوکیشن ساوتھ پنجاب اعزاز احمد خان کو انکوائری آفیسر مقرر کر دیا ہے۔انہوں نے ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشنز سے24 گھنٹوں کے اندر رپورٹ طلب کرلی ہے اور ہدایت کی ہے کہ تمام حقائق کی جانچ کے بعد ذمہ داروں کا تعین کیا جائے تاکہ مزید کاروائی کی جا سکے۔تفصیل کے مطابق افسوس ناک حادثے کے نتیجے میں ایک طالبہ عمارہ خلیل جاں بحق اور چاربچیاں زخمی ہو گئی ہیں، ابتدائی رپورٹ کے مطابق واقعہ سکول میں اسمبلی ٹائم سے پہلے ایک ٹیچر کی کار کو پیش آنے والے حادثے کے نیتجے میں وقوع پذیر ہوا۔ زخمی طالبات ماہم عامر، فضہ، نشااور مہوش کوطبی امداد کے لیے فوری طور پر نشتر ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا۔ سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور نے اس افسوس ناک واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے مذکورہ ٹیچر اور سکول کی ہیڈ مسٹریس کو معطل کر دیا۔انہوں نے سکول کا بھی دورہ کیا اور سی ای او ایجوکیشن ملتان سے تمام سکولوں میں سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کی جانچ پڑتال کر کے تفصیلی بریفنگ دینے کا حکم دیا ہے، دریں اثنا سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور نے نشتر ہسپتال ملتان میں زخمی طالبات کی عیادت کی اور ایم ایس کو ان کے علاج معالجہ کے لیے بھرپور اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ زخمی بچیوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اور بہتر نگہداشت کے سلسلے میں اگرصحت کے نجی اداروں سے استفادہ کرنا ضروری ہو تو ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب کو آگاہ کیا جائے تاکہ وہ اس سلسلے میں عملی اقدامات کر سکے، اس موقع پر سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے سی ای او ایجوکیشن ملتان کو ہدایت کی کہ جب تک زخمی طالبات ہسپتال میں زیر علاج ہیں، ان کی دیکھ بھال اورضروریات کا خیال رکھنے کے لیے ایک افسر کو مامورکیا جائے۔
معطل

مزید :

صفحہ اول -