سابقہ خاتون اول نصرت بھٹو کی سالانہ برسی دبئی میں منائی گئی

سابقہ خاتون اول نصرت بھٹو کی سالانہ برسی دبئی میں منائی گئی
سابقہ خاتون اول نصرت بھٹو کی سالانہ برسی دبئی میں منائی گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

دبئی (طاہر منیر طاہر) سابق وزیراعظم پاکستان ذوالفقار علی بھٹو کی اہلیہ، سابق وزیراعظم پاکستان بے نظیر بھٹو کی والدہ سابقہ خاتون اول نصرت بھٹو کی سالانہ برسی دبئی میں منائی گئی جس کا اہتمام پی پی پی گلف و مڈل ایسٹ نے کیا تھا۔ دسویں برسی کی اس تقریب میں پی پی پی گلف و مڈل ایسٹ کے صدر میاں منیر ہانس اور دیگر اراکین و عہدیداران ملک محمد اسلم، عرفان قمر گوندل، نثار خٹک، رانا فاروق اشرف، محمد جمن، نوخیز جاوید، محمد ارشد بٹ، رائے سعید منج، سید طاہر گردیزی اور سعودی عرب سے مشتاق حسین بلوچ نے خصوصی شرکت کی۔ برسی کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا۔

اس موقع پر میاں منیر ہانس، مشتاق حسین بلوچ اور پی پی پی کے دانشور ملک محمد اسلم نے پاکستان میں جمہوریت کی بقاءاور غریب طبقہ کے لوگوں کو ان کے حقوق دلانے کے لئے نصرت بھٹو نے عملی کام کیا۔ جمہوریت کا عمل آگے بڑھانے کے لیے انہوں نے پارٹی ورکرز کی قیادت کی۔ خود سڑکوں پر نکلیں، ماریں کھائیں اور متعدد صعوبتیں برداشت کریں۔ ملک و قوم کی خاطر اپنے سامنے اپنا خاندان گنوا دیا اور گہرے دکھ برداشت کیے۔ پاکستان میں آمریت کے خلاف اور جمہوریت کو آگے بڑھانے کے لیے بیگم نصرت بھٹو کی کوششیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

نصرت بھٹو کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کی بقاءاور پسماندہ طبقہ کو ان کے حقوق دلانے کے لیے سب سے زیادہ قربانیاں بھٹو خاندان نے دی ہیں۔ نصرت بھٹو کی برسی کے موقع پر بھٹو خاندان اور دیگر شہدا کے لیے خصوصی دعا اکرم شہزاد نے کروائی۔ اس موقع پر اس بات کا اعادہ کای گیا کہ پاکستان صحیح معنوں میں جمہوریت کو پروان چڑھانے کے لیے ہم اپنے قائدین آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ ہیں اور ہمیں جمہوری جدوجہد کے حوالے سے سب سے آگے رہنے والی پارٹی سے تعلق رکھنے پر فخر ہے۔

پیپلزپارٹی کا ہر کارکن آج بھی پہلے کی طرح اپنی پارٹی سے مخلص ہے۔ پی پی پی کا ووٹ بینک بھی تمام دیگر سیاسی پارٹیوں سے زیادہ ہے اگر صاف و شفاف الیکشن ہوں تو پیپلزپارٹی آنے والے انتخابات میں یقینا ووٹوں کی بھاری اکثریت سے جیتے گی۔ مقررین نے کہا کہ پیپلزپارٹی برسراقتدار آکر ملک کے پسماندہ طبقہ کو ان کا حق دے گی جس سے پسے ہوئے طبقہ کو ریلیف ملے گا۔