"عمران خان اس زعم میں مبتلا ہیں کہ ان کا کوئی متبادل نہیں، فوج نے انتہائی صبر سے کام لیا"

"عمران خان اس زعم میں مبتلا ہیں کہ ان کا کوئی متبادل نہیں، فوج نے انتہائی صبر ...
سورس: File

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) تجزیہ کار سلیم صافی کا کہنا ہے کہ عمران خان اس زعم میں مبتلا ہیں کہ ان کا کوئی متبادل نہیں ہے اس لیے انہوں نے ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلی جنس (ڈی جی آئی ایس آئی) کی تعیناتی کے نوٹیفکیشن کو لٹکایا۔

نجی ٹی وی جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سلیم صافی نے کہا کہ یہ کوئی معمولی کام نہیں ہوا، ڈی جی آئی ایس آئی کے معاملے پر فوج میں بہت زیادہ اضطراب پایا جا رہا تھا لیکن  آرمی کی پوری لیڈر شپ نے انتہائی صبر سے کام لیا۔

انہوں نے کہا کہ جولائی سے پہلے وزیر اعظم سے ڈی جی آئی ایس آئی کے  معاملے پر مشاورت کا آغاز کیا گیا تھا لیکن آخری وقت پر عمران خان نے اپنا ذہن تبدیل کرلیا، آج جو نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے اگر وہ پہلے جاری کردیا جاتا تو اس معاملے پر بحث کو ختم کیا جاسکتا تھا۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کی بطور ڈی جی آئی ایس آئی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ اس سے قبل پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے 6 اکتوبر کو ان کی تعیناتی کا اعلان کیا تھا تاہم  وزیر اعظم آفس سے اس کا نوٹیفکیشن آج جاری کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق  آئی ایس آئی کے موجودہ ڈی جی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور تعینات کردیا گیا ہے۔ دونوں افسران 20 نومبر کو اپنے اپنے عہدوں کا چارج سنبھالیں گے۔

مزید :

علاقائی -اسلام آباد -