پاکستان ریلوے نے تمام ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ کر دیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان ریلوے نے تمام ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ کر دیا۔ مسافر ٹرینوں کا کرایہ 10 فیصد بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ فریٹ ٹرینوں کا کرایہ 5 فیصد بڑھایا جائے گا۔
ریلوے ترجمان کے مطابق مسافرٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ یکم نومبر اورفریٹ ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ 5 نومبر سے ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ٹرینوں کے کرائے بڑھانے کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دی گئی تھی اور اس کمیٹی نے 15 فیصد کرایے بڑھانے کی تجویز دی تھی تاہم وزارت ریلوے نے مسافروں پر معاشی بوجھ کم کرنے کے لیے کم کرایہ بڑھانے کا فیصلہ کیا۔پاکستان ریلوے نے کہا ہے کہ ڈیزل کی قیمت میں اضافے کے باعث کرائیوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔