سانحہ منیٰ میں شہادتوں کی تعداد 769 ہو گئی، 18 پاکستانیوں کی بھی تصدیق، 316افراد تا حال لاپتہ

سانحہ منیٰ میں شہادتوں کی تعداد 769 ہو گئی، 18 پاکستانیوں کی بھی تصدیق، 316افراد ...
سانحہ منیٰ میں شہادتوں کی تعداد 769 ہو گئی، 18 پاکستانیوں کی بھی تصدیق، 316افراد تا حال لاپتہ

  

ملتان (مانیٹرنگ ڈیسک)سانحہ منیٰ میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد18ہو گئی ہے جبکہ مجموعی شہادتوں کی تعداد 769  تک پہنچ گئی ہے، 934 زخمی مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جبکہ 316 افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش کا عمل جاری ہے۔پاکستانی سفیر منظورالحق کا کہنا ہے منٰی سانحے میں 18پاکستانی شہید ہوئے ہیں جبکہ 17زخمی ہیں ۔

منیٰ کے مقام پر پیش آنے والے اس حادثے کے بعد ابتدائی طور پر سعودی حکام نے 717 ہلاکتوں اور 863 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی تھی اور لاشوں کی شناخت کا عمل ابھی  تک جاری ہے جس کے باعث ہلاک شدگان اور زخمیوں کی حتمی فہرست بھی جاری نہیں کی گئی تاہم مختلف ممالک کی جانب سے اپنے اپنے شہریوں کی شہادت کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔ اب تک جن 250 افرادکی موت کت تصدیق کی گئی ہے ان میں سے زیادہ تر کا تعلق ایشیائی اور افریقی ممالک سے ہے اور سب سے زیادہ تعداد ایرانی شہریوں کی ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق ان کے 131 شہری اس واقعے میں ہلاک ہوئے ہیں۔

شہید ہونے والے پاکستانیوں میں سورج میانی کی رہائش پذیر 8سالہ ثمرین بھی منیٰ کے مقام پر بڑے شیطان کو کنکریاں مارنے کے دوران بھگدڑ مچنے سے شہید ہو گئی ہے ،ثمرین کے والدین کا کہناہے کہ وہ تین ماہ کے ویزے پر سعودی عرب آئے تھے کیوں کہ ثمرین کے والد سعودی عرب میں نوکری کرتے ہیں اور اسی دوران انہوں نے حج کا فریضہ انجام دینے کافیصلہ بھی کیا لیکن ان کی بیٹی سانحہ منیٰ کے دوران شہید ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جب بھگدڑ مچی اس وقت ان کی بیٹی شہید ہو گئی تھی اور ریسکیو اہلکار انہیں ہسپتال لے گئے اور ان کی بیٹی کو بھی کسی ہسپتال منتقل کر دیا گیا لیکن اب تک ان کی بیٹی کا کچھ پتہ نہیں چل سکا ہے انہوں نے مکہ کے تمام ہسپتالوں میں معلوم کر لیاہے۔

منیٰ کے مقام پر شہید ہونے والے  دیگر پاکستانیوں میں محمد عارف،بیگم جہاں، حفضہ شعیب ،زرین نسیم ،سعیدہ نرگس شہناز،بی بی زینب،محمود ارشد،رشیداں بی بی،زاہد گل ،توصیف افتخار،زاہد گل،حبیب اللہ،سراج احمد سراج،ڈاکٹر امیر علی لاشاری اور مخدوم زدا سید اسد مرتضیٰ گیلانی شامل ہیں۔

مزید : قومی /اہم خبریں