شام، بشار الاسد نے ادلب میں سینکڑوں دہشت گرد داخل کر دئیے: رپورٹ
دمشق(آئی این پی )شام میں انسانی حقوق کے نگراں گروپ 'المرصد' نے بتایا ہے کہ بشار الاسد نے ادلب میں سینکڑوں دہشت گرد داخل کر دئیے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق شام میں انسانی حقوق کے نگراں گروپ 'المرصد' نے بتایا ہے کہ شامی حکومت نے مشرقی صوبے دیر الزور سے سیکڑوں دہشت گردوں کو شمال مغرب میں اِدلب صوبے منتقل کیا۔ اِدلب ملک میں اپوزیشن گروپوں اور شدت پسندوں کا آخری گڑھ ہے۔المرصد کے مطابق شامی حکومت اور ایرانی فورسز نے داعش تنظیم کے 400 سے زیادہ عناصر کوعراق کی سرحد کے نزدیک واقع علاقے البوکمال سے منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس کے بعد 24 گھنٹوں کے اندر ان کی البوکمال سے ادلب صوبے کے مشرقی دیہی علاقے میں منتقلی عمل میں آئی۔ادلب صوبہ شامی اپوزیشن گروپوں اور دہشت گردوں کا آخری مرکزی گڑھ ہے اور شامی حکومت اس کا کنٹرول واپس لینے کے لیے کوشاں ہے۔
ماسکو اور انقرہ ادلب صوبے میں شامی حکومت کی فورسز اور اپوزیشن گروپوں کے درمیان ایک غیر فوجی علاقہ قائم کرنے پر متفق ہو چکے ہیں۔ اس کا مقصد علاقے کو کسی بھی فوجی حملے سے بچانا ہے۔ شامی فوج کئی ہفتوں سے ادلب پر عسکری چڑھائی کے لیے تیاری کر رہی ہے جب کہ اقوام متحدہ کو اندیشہ ہے کہ اس کا نتیجہ "انسانی المیے" کی صورت میں سامنے آئے گا"۔ادلب صوبے کے زیادہ تر علاقوں پر ہیء تحریر الشام تنظیم(سابقہ النصرہ فرنٹ)کا کنٹرول ہے۔ بقیہ علاقوں میں دیگر گروپ پائے جاتے ہیں جن میں نمایاں ترین نام حرک احرار الشام کا ہے۔