ایس سی او اور پی ٹی سی ایل نے سی پیک آپٹیکل فائبر کیبل کیلئے انٹرنیشنل مارکیٹ تک رسائی ممکن بنا دی
راولپنڈی(پ ر)چین اورپاکستان کو خنجراب کے ذریعے ملانے کیلئے حال میں مکمل ہونے والا آپٹیکل فائبر پراجیکٹ فوری طور پر تجارتی سرگرمیاں شروع کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ یہ کیبل پاکستان اور چین کو ہی نہیں ملاتی بلکہ بین الاقوامی ٹریفک کیلئے ایک متبادل راستہ بھی فراہم کرتی ہے۔ اس ضمن میں سپیشل کمیونیکیشنز آرگنائزیشن (ایس سی او)کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل علی فرحان، ہلالِ امتیاز (ملٹری)، کی سربراہی میں ایس سی او اور پی ٹی سی ایل کے ایک وفد نے چین کا دورہ کیا تاکہ چائنا ٹیلی کام گروپ (سی ٹی جی) کیساتھ بات چیت کے بعدیورپ اور افریقہ تک ٹرانزٹ ٹریفک کیلئے عالمی اور تجارتی تفصیلات کو حتمی شکل دی جا سکے یہ مذاکرات چین کے شہر اُرمچی میں منعقدہ یورو ایشیا کانفرنس کی سائیڈ لائن پر ہوئے۔ علاوہ ازیں چائنا موبائل اور چائنا یونی کام جیسی دیگر چینی کمپنیوں نے بھی جاری مذاکرات میں گہری دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔واضح رہے کہ یہ پراجیکٹ ایس سی او نے دو سال کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا ہے اور انٹرنیشنل سب میرین کیبل کیساتھ اسے جوڑنے کیلئے پی ٹی سی ایل کیساتھ راولپنڈی میں ایک انٹرکنیکٹ قائم کیا ہے۔