زیادتی کے بدلے زیادتی‘ ڈی این اے رپورٹ 6 ماہ بعد پولیس کو موصول‘ مقامی عدالت میں جمع
پیرمحل (ویب ڈیسک) شہر کی بستی غریب آباد میں ہونے والے زیادتی کے بدلے زیادتی واقعہ کی ڈی این اے رپورٹ 6ماہ بعد مقامی پولیس کو موصول ہوگئی, مذکورہ رپورٹ کو مقامی عدالت میں جمع کروادیا گیا۔ واضح رہے کہ بستی کے اوباش وسیم سعید بھٹی نے 20 مارچ 2018ء کو اپنے پڑوسی کے گھر گھس کر اس کی بیٹی ندا بی بی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا تھا زیادتی کا نشانہ بننے والی لڑکی کے10سالہ بھائی محمد بلال نے وقوعہ اپنی آنکھوں سے دیکھا اور گھر والوں کو اطلاع کر دی۔
نوائے وقت کے مطابق پولیس کارروائی سے بچنے کے لئے اوباش کے ورثاء نے متاثرہ لڑکی کے لواحقین کی منت سماجت کی مگر طے پایا کہ ہم بھی آپ کی بچی سے زیادتی کریں گے۔ ڈر اور خوف کے مارے والدین نے بھی اپنی بیٹی مسمات روبینہ بی بی کو محمد رمضان نامی شخص کے حوالے کردیا جس نے 21 جولائی 2018ء کو زیادتی کا نشانہ بناڈالا جس سے زمانہ جہالت کی یاد بھی تازہ ہوگئی‘ معاملہ کو رفع دفع کرنے کے لئے پنچائت تشکیل دی گئی دونوں فریقین کے درمیان صلح کے لئے اشٹام تحریر کئے جانا تھا کہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر تمام افراد کو گرفتار کر لیا۔ اندراج مقدمہ کے بعد پولیس نے تفتیشی مراحل کو مکمل کرتے ہوئے ملزمان کو جوڈیشل کرنے کے بعد زیادتی میں ملوث مرکزی ملزمان وسیم سعید اور محمد رمضان کے علاوہ زیادتی کا نشانہ بننے والی لڑکیاں روبینہ بی بی اور ندا بی بی کو ڈی این اے کے لئے لاہور بھیج دیا تھا۔