ماسکو میں روسی جنرل نے پاکستان کے یوم دفاع کی تقریب میں کیک کاٹا
ماسکو (سید اشتیاق ہمدانی سے)پاکستان کے یوم دفاع کو گزرے تین ہفتے ہوچکے ہیں لیکن گزشتہ روزماسکو میں ہونے والی تقریب میں شمولیت کا موقع ملا تو محسوس ہوا کہ پاکستان کا یوم دفاع ہر روز منایا جاسکتا ہے ۔یہ دن دفاعی اعتبار سے چوکس رہنے کا سبق دیتا ہے۔ بالچوگ ہوٹل میں منعقد ہونے والی تقریب میں پاکستانی پرچم اور 6 ستمبر کے شہداء کی بڑی بڑی پینا فلکس فوٹوز کے ساتھ خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ اس موقع پر دیگر ممالک کے سفارتی نمائیندوں،ملٹری اتاشیوں، سول سوسائٹی ۔ پاکستانی کمیونٹی اور میڈیا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں کرنل عبدالرحمان اختر نے یوم دفاع اور 6 ستمبر 1965 کو ہونے والی جارحیت پر افواج پاکستان کی بہادری کا پس منظر بیان کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ھوئے روس میں پاکستان کے سفیر قاضی خلیل اللہ نے 1965 مادر وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ دینے والے جوانوں اور غازیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پرانہوں نے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا ۔ سفیر پاکستان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان پرْامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے۔ ہم اپنے تمام ہمسائیوں سمیت پوری دنیا کے ساتھ برابری کی بنیادوں پر باہمی تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر میں عالمی طاقتوں پر زور دینا چاہتا ہوں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و تشدد اور جارحیت کی روک تھام کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ مسئلہ کشمیر کا اقوامِ متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل خطے کے امن کے لئے ناگزیر ہے۔ قاضی خلیل اللہ نے کہا کہ چائنہ سے مل کر سی پیک منصوبہ اور روس سے نارتھ۔ ساوتھ گیس پائپ لائن پر دونوں ممالک کے ساتھ کام جاری ھے۔ پاکستان اور روس کی لیڈر شپ کے درمیان بہترین تعلقات قائم ھوئے ہیں اس موقع پر سفیر پاکستان قاضی محمد خلیل اللہ۔ ملٹری اتاشی بریگیڈئر جنرل محمد عرفان خان اور روسی فوج کے جنرل کاسٹ یکولیو کے ہمراہ یوم دفاع پاکستان کے دن کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیاجبکہ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کامیابی اور روشن مستقبل کا احاطہ کرتی فلم بھی دکھائی گئی۔